پاک بحریہ کی کارروائی، حادثے کا شکار کشتی کے18ماہی گیروں کو تین گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد ڈوبنے سے بچا لیا

پیر 16 جنوری 2017 11:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جنوری۔2017ء)پاک بحریہ نے اورماڑہ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی کشتی کے18ماہی گیروں کو تین گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد ڈوبنے سے بچالیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی سے جانے والی الرحمان نامی کشتی اورماڑہ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی ۔ دونوں انجن جواب دے گئے اور کشتی میں پانی بھرنا شروع ہوگیا تھا پاک بحریہ نے حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا ۔

(جاری ہے)

اسپیڈ بوٹس پر اسپیشل سروسز گروپ کے جوانوں نے آپریشن میں حصہ لیا تین گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے دوران جوانوں کو تیز ہواوں اور انتہائی خراب موسم کا سامنا کرنا پڑا ۔ کمانڈر جناح نیول بیس نے امدادی کرافٹ اور سرچ اینڈ ریسکیوآپریشن کی خود نگرانی کی ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امدادی ٹیم نے کشتی میں سوار اٹھارہ ماہی گیروں کو ڈوبنے سے بچایا اور بحفاظت کنارے پر پہنچادیا محفوظ مقام پر منتقلی کے بعد بعض ماہی گیروں کو جناح نیول بیس میں طبی امداد بھی دی گئی ۔