نیول چیف محمد ذکاء اللہ کی کمانڈر رائل بحرین نیول فورس سے ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

پیر 16 جنوری 2017 11:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16جنوری۔2017ء)چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ ان دنوں بحرین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران نیول چیف نے کمانڈر رائل بحرین نیول فورس رئیرایڈمرل شیخ خلیفہ بن عبداللہ الخلیفہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ رائل بحرین نیول فورسز ہیڈکوارٹرزآمد پر ان کے ہم منصب کمانڈر رائل بحرین فورس نے ایڈمرل ذکاء اللہ کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیول چیف کو روایتی سلامی پیش کی گئی۔ دوران گفتگو نیول چیف نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور کارکردگی بشمول کولیشن میری ٹائم کمپین پلان اور بحری قزاقی کی بیخ کنی کے لئے کئے جانے والے آپریشنز اورکثیر الملکی ٹاسک فورس 150اور151کی قیادت کے حوالے پر بھی روشنی ڈالی۔ کمانڈررائل بحرین نیول فورس رئیرایڈمرل شیخ خلیفہ بن عبداللہ الخلیفہ نے خطے میں امن و استحکام کے قیام اور رائل بحرین نیوی کے ساتھ معاونت پر پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔