ضیاء الله آفریدی صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دے کر اپنے اوپر کرپشن کے الزامات کا جواب دیں، ترجمان خیبر پختونخوا حکومت

اتوار 15 جنوری 2017 17:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15جنوری۔2017ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے واضح کیا ہے کہ خیبر پختونحوا کی احتساب کمیشن چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف بنی ہے جس کی کاوشوں سے صوبے میں بڑی حد تک کرپشن پر قابو پایا جا چکا ہے ۔ انہوں نے گزشتہ روز ضیاء الله آفریدی کی طرف سے کی گئی پریس کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ضیاء الله آفریدی کی کرپشن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے لئے بدنامی اور شرمندگی کا باعث بنی ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ ضیاء الله آفرید کے خلاف چار کیسز میں چار ارب روپے سے زائد کرپشن کے کیس احتساب عدالت میں چل رہے ہیں۔ ضیاء الله آفرید ی پر تنگی کرومائٹ کیس میں دو ارب پانچ کروڑ روپے کی جبکہ سہارا مینرل کیس میں 65کروڑ روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ماماخیل مینرلز اور غیر قانونی بھرتیوں میں بھی ضیاء الله آفرید ی کے خلاف ریفرنس زیر سماعت ہیں ۔

مشتاق احمد غنی نے مطالبہ کیا کہ ضیاء الله آفریدی استعفیٰ دے کر اپنے اوپر لگائے گئے کرپشن کے الزامات کا جواب دیں اور اس سلسلے میں وہ صوبے کے عوام اور چیئرمین عمران خان سے معافی بھی مانگیں ۔مشتاق احمدغنی نے احتساب کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ صوبائی احتساب کمیشن نے گڈ گورننس کی مد میں ابھی تک صوبے میں 54کروڑ روپے کی ریکوری کی ہے جبکہ 74افراد کے خلاف 24ریفرنسز میں اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں ۔

انہو ں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اور چیئرمین عمران خان کا عزم ہے کہ صوبے سے کرپشن کا مکمل خاتمہ کرکے خیبر پختونخوا سے اس کی جڑیں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کی جا ئیں تاکہ ایک صاف ستھرے معاشرے کو تشکیل دیاجا سکے۔ انہو ں نے کہا کہ جب تک کرپشن کی ناسور ختم نہیں ہو گی اس کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔