بھارت کی دوسری ’اسکورپین کلاس‘ آبدوز لانچ

ممبئی میں اس آبدوز کی رونمائی کی گئی جس کا نام آئی این ایس کھاندیری ہے ڈیزل اور الیکٹرک پاور سے چلنے والی یہ سب میرین مختلف آپریشنز میں استعمال کی جاسکتی ہے

جمعہ 13 جنوری 2017 13:55

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2017ء)بھارت نے فرانسیسی ڈیزائن کے تحت تیار کردہ اپنی دوسری اسکورپین کلاس آبدوز لانچ کردی۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی میں اس آبدوز کی رونمائی کی گئی جس کا نام آئی این ایس کھاندیری ہے۔رپورٹ کے مطابق ڈیزل اور الیکٹرک پاور سے چلنے والی یہ سب میرین مختلف آپریشنز میں استعمال کی جاسکتی ہے جس میں اینٹی سرفیس وارفیئر، اینٹی سب میرین وارفیئر، خفیہ معلومات کا حصول، بارودی سرنگیں بچھانا اور اور جاسوسی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ آبدوز زیر آب اور پانی کی سطح سے گائیڈڈ ہتھیاروں، ٹورپیڈوز، ٹیوب لانچڈ اینٹی شپ میزائلز کے ذریعے ہدف کا کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اس طرح کی آبدوزیں خفیہ کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہیں اور انہیں ہر طرح کے حالات میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔بھارتی بحریہ کے بیڑے میں شمولیت سے قبل اس آبدوز کی آزمائشیجانچ کی جائے گی۔واضح رہے کہ ممبئی کے مازاگون ڈاک میں فرانسیسی کمپنی کے تعاون سے 6 اسکورپین کلاس سب میرین کی تیاری کا 3 ارب ڈالر کا پروجیکٹ جاری ہے۔اس سے قبل بھارت کے پہلے اسکورپین کلاس سب میرین ’کلواری‘ کو گزشتہ برس ستمبر میں لانچ کیا گیا تھا جو آزمائشی مدت پوری کرکے بھارتی بحریہ میں شامل ہونے کے قریب ہے۔

متعلقہ عنوان :