فاطمہ جناح یونیورسٹی کے استاد اور سماجی کارکن پروفیسر سلمان حیدر مبینہ طور پر لاپتہ ، رپورٹ درج

اتوار 8 جنوری 2017 13:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جنوری۔2017ء)فاطمہ جناح یونیورسٹی کے استاد اور سماجی کارکن پروفیسر سلمان حیدر مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تھانہ لوہی بھیر پولیس کو سلمان حیدر کی اہلیہ کی جانب سے اپنے شوہر کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سلمان حیدر کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ رات اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں اپنے دوستوں کے ہمراہ تھے، انہوں نے ٹیلی فون پر کہا تھاکہ وہ رات 8 بجے تک گھر آجائیں گے تاہم 10 بجے تک گھر نہ پہنچنے پر انہیں فون کیا تو انہوں نے نہیں اٹھایا۔

جس کے بعد انہیں سلمان حیدر کے فون سے ایس ایم ایس ملا کہ ان کی گاڑی کورال چوک کے پاس سے لے جائیں۔ پولیس کے مطابق سلمان حیدر کی گاڑی کورال چوک سے مل گئی ہے جبکہ تاحال سلمان حیدر سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ، پولیس نے پروفیسرسلمان حیدر کی تلاش کے لئے تفتیشی ٹیم تشکیل دے کر انکی تلاش شروع کر دی ہے