”ضرورت برائے طاقتور خواتین“ اسرائیلی خفیہ ادارے موساد نے پہلی بار خواتین کے لیے مخصوص بھرتی مہم کا آغازکردیا

ہفتہ 7 جنوری 2017 12:40

مقبوضہ بیت المقدس ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7جنوری۔2017ء )”ضرورت برائے طاقتور خواتین“ اسرائیل کے خفیہ ادارے موساد نے پہلی بار خواتین کے لیے مخصوص بھرتی مہم کا آغاز کیا ہے۔اسرائیل کے مختلف اخبارات میں”ضرورت برائے طاقتور خواتین“ کے جملے سے مزین اشتہار شائع ہوئے ہیں جن میں ایک عورت کی مبہم سے تصویر بھی شامل کی گئی ہے۔یاد رہے کہ موساد میں 40 فیصد افرادی قوت خواتین پر مبنی ہے جن میں سے 24 فیصد اہم سینیئر پوزیشنوں پر فائز ہیں۔

(جاری ہے)

موساد کے سابق سربراہ تامِر پاردو ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں بہتر اہلکار ہوتی ہیں، اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق انھوں نے 2012 ء میں ایک بیان میں کہا تھا کہ خواتین کی ملٹی ٹاسکنگ کی صلاحیت اور انا پر قابو پانے کی وجہ سے وہ اپنا کام مردوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر طریقے سے کر سکتی ہیں،وہ کام میں اچھی ہوتی ہیں، تو وہ بہت اچھی ہوتی ہیں۔موساد کی ویب سائٹ پر اس نوکری میں دلچسپی لینے والی خواتین کے لیے پیغام ہے دیا گیا ہے کہ یہ اس بارے میں نہیں کہ آپ نے کیا کیا ہے، بلکہ اس بارے میں ہے کہ آپ کون ہیں۔واضح رہے کہ 1949ء میں قائم ہونے والی موساد دنیا کی بہترین خفیہ ایجنسیوں میں شمار ہوتی ہے، اس پر بہت سے لوگوں کو قتل کرنے کے الزامات بھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :