عمران خان کی شوکت خانم ہسپتال پر سیاست مایوس کن ہے،مریم اورنگزیب

1990میں نواز شریف نے کینسر ہسپتال کیلئے زمین دی اور تمام مشنری کو ڈیوٹی فری کر دیا، عمران اگر نواز شریف کے احسان مند نہیں تو احسان فراموش بھی نہ ہوں،وزیرا طلاعات و نشریات

جمعہ 30 دسمبر 2016 11:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30دسمبر۔2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی شوکت خانم ہسپتال پر سیاست مایوس کن ہے، 1990میں نواز شریف نے عمران خان کو کینسر ہسپتال کیلئے زمین دی اور ہسپتال کے لیے تمام مشنری کو ڈیوٹی فری کر دیا، عمران خان اگر نواز شریف کے احسان مند نہیں ہو سکتے تو احسان فراموش بھی نہ ہوں، جمعرات کے روز کراچی میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے عمران خان کی میڈیا سے گفتگو پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال پاکستانیوں کیلئے فخر اور پاکستانیوں کا ہسپتال ہے، اور نواز شریف کا پاکستانی عوام کیلئے تحفہ ہے،عمران خان کی شوکت خانم ہسپتال پر سیاست کرنا ایک مایوس کن عمل ہے، عمران خان عوام سے جھوٹ بول کر حقیقت کو بدل نہیں سکتے، انہوں نے کہا 1990میں نواز شریف پنجاب کے وزیر اعلیٰ تھے اس وقت انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کی تعمیر کیلئے زمین دی اور کینسر ہسپتال کی تمام مشنری کو ڈیوٹی فری کرایا جبکہ نواز شریف نے اپنے اتفاق ہسپتال کیلئے بیرون ممالک سے لائی جانی والی تمام مشنری پر ڈیوٹی ادا کی، عمران خان اگر نواز شریف کے احسان مند نہیں ہو سکتے تو احسان فراموش بھی نہ ہوں،انہوں نے کہا کہ عمران خان کی والدہ ایک اچھی خاتون تھی جن کے نام پر ہسپتال کا نام رکھا گیا، اگر عمران خان اپنی والدہ کے ہمراہ زیادہ وقت گزار لیتے تو آج بہتر انسان ہوتے۔