پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تودفاتر کاگھیراؤ کرینگے‘ شوکت یوسفزئی

سوئی گیس محکمہ کے اہلکار کرپشن میں ملوث ہیں‘ سی این جی پمپ کو بلاتاخیر گیس فراہمی کیلئے گھریلو صارفین پر بند کردیتے ہیں بچے بغیر ناشتہ سکول جاتے ہیں‘ سو فیصد بل اداکرنے کے باوجود لیگی حکومت ووٹ نہ دینے پر کے پی کے عوام سے انتقام لے رہی ہے، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف

بدھ 28 دسمبر 2016 09:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28دسمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پشاور شہر میں سوئی گیس کی قلت اورغیر ضروری لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسلم لیگ ن حکومت کی پختون دشمنی قراردیاہے اپنے ایک بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پشاور تاریخی شہر ہے یہاں کے صارفین گیس اوربجلی کے سو فیصد بل جمع کراتے ہیں مگر اس کے باوجود گرمیوں میں بجلی اورسردیوں میں گیس غائب کردی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ دونوں وفاقی محکموں میں کرپشن کا بازار گرم ہے سی این جی پمپ کوگیس دینے کے لئے گھر یلو صارفین کوگیس کی سپلائی روک دی جاتی ہے اور اس کے عوض سوئی گیس محکمہ کے اہلکار لاکھوں روپے سی این جی پمپ مالکان سے وصول کرتے ہیں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ گیس اور بجلی اس صوبے کی پیدا وار ہے مگر کے پی کے عوام نے مسلم لیگ ن کوووٹ نہیں دیا جس پر وفاقی حکومت اس صوبے کے عوام سے انتقام لے رہی ہے انہوں نے دھمکی دی کہ اگر سوئی گیس کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج ہوگا انہوں نے کہا کہ ظلم تو یہ ہے کہ لوڈشیڈنگ اسوقت کی جاتی ہے جب کھانا پکانے کاوقت ہوتا روزانہ بچے بغیر ناشتہ کے سکول جانے پرمجبور ہیں انہوں نے کہا کہ اگرصورتحال بہتر نہ ہوئی تو سوئی گیس جی ایم کے دفاتر کاگھیراؤ کیاجائے گا۔