اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو حکومت باآسانی اپنے پانچ سال پورے کرلے گی،متحد ہو گئے عام انتخابات وقت سے پہلے ہوسکتے ہیں،چوہدری شجاعت

گرینڈ اپوزیشن الائنس وقت کی ضرورت ہے، قوم کو سپریم کورٹ پر اعتماد ہے، عمران خان کو بھی عدلیہ پر اعتماد کرنا چاہئے حویلیاں طیارہ حادثہ کی شفاف تحقیقات کی توقع ہے، جنید جمشید عظیم انسان تھے،، جنید جمشید کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

منگل 27 دسمبر 2016 11:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27دسمبر۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو حکومت باآسانی اپنے پانچ سال پورے کرلے گی، اگر اپوزیشن جماعتیں متحد ہوگئیں تو عام انتخابات وقت سے پہلے ہوسکتے ہیں، گرینڈ اپوزیشن الائنس وقت کی ضرورت ہے، قوم کو سپریم کورٹ پر اعتماد ہے، عمران خان کو بھی عدلیہ پر اعتماد کرنا چاہئے، حویلیاں میں طیارہ حادثہ کی شفاف تحقیقات کی توقع ہے، نعت خواں جنید جمشید عظیم انسان تھے۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے معروف نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں متحدہ نہ ہوئیں تو حکومت پانچ سال بہ آسانی پورے کرلے گی۔

(جاری ہے)

اگر اپوزیشن جماعتیں متحدہ ہوگئیں تو عام انتخابات وقت سے پہلے ہوسکتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کی نادانی کی وجہ سے حکومت مخالف جماعتیں متحدہ نہیں ہوسکیں جس کا فائدہ موجودہ حکمرانوں نے لیا۔

اپوزیشن کا گرینڈ الائنس بن جاتاہے تو انتخابات وقت سے پہلے ہوسکتے ہیں ۔گرینڈ الائنس بنانے کے لیے نیتوں کو ٹھیک کرنا ہوگا، اپوزیشن اتحاد نہ بنا تو نواز شریف اپنی مدت پوری کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ اصلاحات کے لیے بنائی گئی کمیٹی بے کار ہوگی۔ صرف پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق کا مسئلہ نہیں سب اپوزیشن جماعتوں کو متحدہ ہوناہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر اپوزیشن جماعتوں کو متحدہ ہونے نہیں دیتے ۔ ایک پلیٹ فارم پر متحدہ ناہونے والی جماعتیں مستقبل میں نقصان اٹھائیں گی۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے متعلق عمران خان کا بیان نظر سے نہیں گزرا۔ ہم سب کا اعلی عدلیہ پر یقین ہے کہ وہ انصاف کرے گی ۔ سپریم کورٹ ہی واحد ادارہ ہے جس پر پوری قوم کو اعتماد ہے ۔ عمران خان کو بھی اعلی عدلیہ پر اعتماد کرنا چاہئے ۔

اس سے قبل چوہدری شجاعت حسین نے مذہبی اسکالر مرحوم جنید جمشید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی اور کہاکہ افسوس کے لیے آیا ہوں۔ جنید جمشید عظیم انسان تھے۔ چوہدری پرویز الہی سے جنید جمشید کے پرانے تعلقات تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلائٹ حادثے کی جلد تحقیقات مکمل کرکے کوتاہی برتنے والے افراد کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کی توقع ہے۔ اس موقع پر جنید جمشید کے بھائی ہمایوں جمشید نے کہا کہ حادثے سے متعلق مختلف آرا ء سامنے آرہی ہیں۔ فرانسیسی ماہرین کی تحقیقات کے بعد حادثے کی اصل وجہ سامنے آجائے گی۔