پنجاب بھر میں ڈی سی اوز کا عہدہ ختم، ڈپٹی کمشنر بنا دیئے گئے، سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016ء جاری کر دی گئی

پیر 26 دسمبر 2016 10:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26دسمبر۔2016ء ) پنجاب حکومت نے صوبے میں پنجاب مقامی حکومتوں کے لیے سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس 2016ء جاری کر دیا ہے جس کے مطابق، پنجاب بھر میں ڈی سی اوز کا عہدہ ختم کر کے ڈپٹی کمشنر بنا دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بطور جسٹس آف دی پیس کسی بھی کریمنل کیس کی سماعت کر سکے گا۔ ڈپٹی کمشنر اسسٹنٹ کمشنر کی کارکردگی کی نگرانی کریگا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کے اندر تمام ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ بھی کریگا، ضلع کے اندر تمام لوگوں کو بہترین سروسز کی ڈلیوری کے لئے اقدامات بھی کریگا، پولیس کے سربراہوں سے مشاورت کے ساتھ امن و امان کو بہتر بنانے اور شہریوں کی زندگی کی حفاظت کے لئے مناسب اقدامات کرنا بھی ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داریوں میں شامل ہو گا۔ڈپٹی کمشنر کے علاوہ ایڈیشنل کمشنرز کی جگہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز تعینات ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ضلع کے اندر لوکل کونسل کے سربراہ کو کسی وقت بھی طلب کر سکے گا۔ ڈپٹی کمشنر سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے لئے لوکل کونسل کے عہدیداروں سے رابطے میں رہیگا۔ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو بہتر بنانے اور مانیٹرنگ کرنے کی ذمہ داری بھی ڈپٹی کمشنر پر عائد ہو گی۔ سرکاری پراپرٹی کو ریگولیٹ بھی ڈپٹی کمشنر ہی کریگا۔ ڈپٹی کمشنر پر ضلع کے ضروری اعداد و شمار کو مرتب کرنے کی ذمہ داری بھی عائد ہو گی۔

متعلقہ عنوان :