پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط اور ترقی و خوشحالی کی جانب بڑ ھ رہا ہے،آصف زرداری

ہمیں اپنی خامیوں پر نظر ڈالنی ہو گی،انور مجید کے ساتھ کیا ہوا ؟ کیوں ہوا ؟سوال وزیرداخلہ سے پوچھاجائے، امید ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو عدالتوں سے انصاف ملے گا،میڈیا سے گفتگو

پیر 26 دسمبر 2016 10:13

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26دسمبر۔2016ء ) سابق صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط اور ترقی و خوشحالی کی جانب بڑ ھ رہا ہے،ہمیں اپنی خامیوں پر نظر ڈالنی ہو گی،انور مجید کے ساتھ کیا ہوا ؟ کیوں ہوا ؟سوال وزیرداخلہ سے پوچھاجائے، امید ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو عدالتوں سے انصاف ملے گا ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ بانی پاکستانی قائد اعظم محمد علی جناح  کے 140ویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی ، انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتح خوانی کی ، اس موقع پر مزار قائد کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ انور مجید کے ساتھ کیا ہوا ، کیوں ہوا اور کس موقع پر ہوا ،انہیں گرفتار کیوں کیا گیا سوال وزیرداخلہ سے پوچھاجائے، انورمجیدسے ہمارے تعلقات ضرورہیں میں تردید نہیں کروں گا ، معاملہ عدالت میں ہے اس لیے میں کچھ نہیں بولوں گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عاصم کے خاندان نے پاکستان بنایا،وہ بیمار ہیں ، انہیں علاج کی ضرورت ہے ، ڈاکٹر عاصم کے وکلاء سے رابطے میں رہتا ہوں،ان کا معاملہ بھی عدالت میں ہے ، ہمیں عدالتوں پر یقین ہے اور امید ہے کہ ڈاکٹر عاصم کو عدالتوں سے انصاف ملے گا ۔اس موقع پر ایک صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ آپ کو وطن واپس آنے کے لیے اجازت لندن سے ملی یا راولپنڈی کے ڈاکٹروں سے آپ کو اجازت ملی ، جس پر انہوں نے کہا کہ میں دبئی میں رہتا ہوں ،میراعلاج لندن اورامریکا کے ڈاکٹرز کر رہے ہیں جبکہ فالواپ دبئی میں ہوتاہے، میڈیا خبر سے خبر نہ بنائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہا ہے اور ترقی و کوشحالی کی جانب بڑ ھ رہا ہے ، ہمیں اپنی خامیوں پر نظر ڈالنی ہو گی،میڈیاسے گزارش ہے کہ مثبت اندازمیں خامیوں پرنظر ڈالیں،پاکستان کو ترقی کی جانب لے کر جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن کی تاریخ ہے مگرلوگ اس سے قبل ہی الیکشن کا ماحول بنادیتے ہیں ،27دسمبر کو پیپلز پارٹی اپنے آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔ بعد ازاں سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعلی سندھ کے ہمراہ کراچی کے جناح اسپتال میں ڈاکٹر عاصم سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی ۔