اسلام آباد ہائیکورٹ ،جے یو آئی ف کے رہنما قاری احسان اللہ کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کاحکم

ہفتہ 24 دسمبر 2016 10:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2016ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعیت علماء اسلام ف کے رہنما قاری احسان اللہ کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کاحکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کیس کی سماعت کی،دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل قاری عبد الرشید نے دلائل دیئے کہ قاری احسان کا تعلق کسی ممنوعہ تنظیم سے نہیں،تین سال سے بغیر کسی وجہ کے نام فورتھ شیڈول میں شامل ہے،عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ درخواست گزار سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں بارے عدالت کو بتائیں،جس پر پولیس نے جواب دیا کہ قاری احسان اللہ اشتعال انگیز تقاریر کر کے مذہبی منافرت پھیلا رہے ہیں،جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو کوئی وجہ نہ ہوئی کہ ایک مسجد کے مہتمم کا نام فورتھ شیڈول میں ڈال دیا جائے،اس طرح تو جتنے اینکرز ہیں ان کے نام بھی فورتھ شیڈول میں ہونے چاہیئں،انتظامیہ اور پولیس فورتھ شیڈول میں نام ڈال کر اپنے آپ کو دھوکہ دے رہے ہیں کسی اور کو نہیں، جسٹس شوکت صدیقی نے قاری احسان اللہ کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے۔

قاری احسان اللہ اسلام آباد کی ایف ایٹ فور مسجد کے مہتمم ہیں۔

متعلقہ عنوان :