عراقی فضائیہ نے شمالی شہر موصل کی فضاوٴں میں”ہمدردی “ کے 40 لاکھ خطوط گرادیئے

ہفتہ 24 دسمبر 2016 10:35

بغداد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2016ء ) عراقی فضائیہ نے شمالی شہر موصل کی فضاوٴں میں”ہمدردی “ کے 40 لاکھ خطوط گرائے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کے مطابق اس اقدام کا مقصد داعش تنظیم کے زیر قبضہ شہر کے باسیوں کے لیے "ہمدردی اور سپورٹ" کا اظہار کرنا تھا۔اتحاد نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ موصل کی آبادی کے لیے مذکورہ خطوط کو ملک کے تمام حصوں سے عراقیوں نے تحریر کیا۔

(جاری ہے)

یہ خیرسگالی کا یہ اقدام موصل کے شہریوں کے لیے اطمینان کا باعث ہوگا جو دو سال سے زیادہ عرصے سے داعش تنظیم کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ ان لوگوں کو بھلایا نہیں گیا ہے ، داعش کی شکست کے بعد ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔اتحادی افواج کے مطابق ان چالیس لاکھ خطوط کے لیے موصل آپریشن کے آغاز کے بعد.. ہاتھ سے تحریر کیے گئے 2160 نوٹس کا سہارا لیا گیا۔موصل آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک ایک لاکھ کے قریب شہری نقل مکانی کر چکے ہیں۔