فیصل آباد،تحریک انصاف کی قیادت نے رانا ثناء اللہ گروپ کے میونسپل کارپوریشن کے میئر کو وٹ دینے پر سابق سٹی ناظم ممتاز علی چیمہ کی رکنیت ختم کردی

میونسپل کارپوریشن کے دیگر پی ٹی آئی کے دس ممبران کی رکنیت بارے تحقیقات شروع

ہفتہ 24 دسمبر 2016 11:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے گروپ کے میونسپل کارپوریشن کے میئر ملک محمد رزاق کو پی ٹی آئی کی طرف سے ووٹ دینے پر سابق سٹی ناظم ممتاز علی چیمہ کی رکنیت ختم کردی ہے۔ جبکہ میونسپل کارپوریشن کے دیگر پی ٹی آئی کے دس ممبران کی رکنیت کے بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق میونسپل کارپوریشن فیصل آباد میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے نامزد کردہ میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدواروں کو پی ٹی آئی کی ہائی کمان کی اجازت کے بغیر ووٹ دینے اور ان کیلئے الیکشن مہم چلانے پر پی ٹی آئی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سابق سٹی ناظم ممتاز علی چیمہ کی رکنیت ختم کرکے دیگر ممبران کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

یہ امرقابل ذکر ہے میونسپل کارپوریشن کے الیکشن میں وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی کے والد چوہدری شیر علی اور رانا ثناء اللہ صوبائی وزیر قانون کے درمیان میئر شپ حاصل کرنے کیلئے رسہ کشی چل رہی تھی رانا اللہ نے اپنے دیرینہ تعلقات استعمال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ممبران جن کی تعداد بیس تھی کو ووٹ دینے کیلئے رضا مند کیا چنانچہ انہوں نے صوبائی وزیر قانون کے نامزد امیدوار ملک رزاق کو جن کا شیر کا نشان تھا کو ووٹ دے کر کامیاب کرایا۔

دریں اثناء فیصل ضلع سے مسلم لیگ ن کے سات ممبران قومی اسمبلی اور بعض ممبران صوبائی اسمبلی نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے پارٹی میں علیحدہ گروپ قائم کرلیا ہے۔ ان ممبران میں ممبر قومی اسمبلی میاں محمد فاروق‘ رانا محمد افضل ‘ ڈاکٹر نثار احمد جٹ اور عابد شیر علی وغیرہ شامل ہیں۔