بھارت نے ’مغربی دریاوٴں پر اپنے حصے کا پورا پانی قابل استعمال بنانے کی کوششیں تیز کردیں

تین دریا ؤں سندھ، چناب اور جہلم پر آئندہ چند برسوں میں بڑی مقدار میں پانی ذخیرہ اور نہریں نکالی جا سکتی ہیں ، بھارتی حکام کی بی بی سی سے گفتگو ان اقدامات سے پاکستان کو شدید خدشات لاحق ہو سکتے ،ماہرین

جمعہ 23 دسمبر 2016 11:05

لندن،نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2016ء) بھارت نے پاکستان کے خدشات کے باوجود مغربی دریاوٴں کے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کوششیں تیز کر دی ہیں۔سینیئر بھارتی حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ بھارت کی جانب سے دریائے سندھ اور ان کے معاون مغربی دریاوٴں کے پانی کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی کوششوں میں تیزی کر دی ہے۔ تین دریا، سندھ، چناب اور جہلم مقبوضہ کشمیر میں سے گزرتے ہیں جبکہ ان کا زیادہ تر پانی سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کی ملکیت ہے۔

انڈیں حکام کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ چند برسوں میں پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے بڑی مقدار میں پانی ذخیرہ کرنے اور نہریں نکال سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان اقدامات سے پاکستان کو شدید خدشات لاحق ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے سندھ بیسن میں دو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر پر انڈیا سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جا چکا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ پریشان کن امر ہے کہ انڈیا سندھ طاس معاہدے کے رو سے تعین کردہ مقدار سے زیادہ پانی روک سکتا ہے۔

وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کی جانب سے اس امر کا اظہار کیا جا چکا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان اتفاق رائے سے طے پایا تھا اور کوئی ایک ملک یکطرفہ طور پر اپنے آپ کو اس معاہدے سے علیحدہ نہیں کر سکتا۔خیال رہے کہ کروڑوں کی تعداد میں پاکستانیوں کا انحصار دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاوٴں کے پانی پر ہے۔انڈین حکام کا کہنا ہے کہ ان کے اقدامات سندھ طاس معاہدے کے اصول و ضوابط کے مطابق ہوں گے اور یہ کہ انھوں نے اس معاہدے کے تحت انڈیا کی ملکیت پانی استعمال کیا۔

جبکہ 13 دسمبر کو ورلڈ بینک کے صدر نے سندھ طاس معاہدے پر آبی تنازعے کے حل کے لیے غیر جانبدار ماہر یا چیئرمین عالمی ثالثی عدالت کی تقرری روکتے ہوئے پاکستان اور انڈیا کو جنوری تک کی مہلت دی تھی۔ورلڈ بینک کے صدر جم یانگ کنگ کے مطابق یہ قدم اس لیے اٹھایا جا رہا ہے تاکہ دونوں ممالک اس تنازعے کو حل کرنے کے لیے کوشش کریں۔واضح رہے کہ انڈیا نے دریائے نیلم کے پانی پر 330 میگاواٹ کشن گنگا اور دریائے چناب کے پانی پر 850 میگا واٹ رتلے پن بجلی منصوبہ تعمیر کر رہا ہے۔

1960 میں طے پانے والے اس معاہدے کے تحت انڈیا کو مشرفی دریاوٴں یعنی ستلج، راوی اور بیاس جبکہ پاکستان کو مغربی دریاوٴں جہلم، چناب اور سندھ کو استعمال کرنے کے حقوق دیے گئے تھے۔ دنیا بھر میں پانی کے ذخائر تقسیم کرنے کے معاہدوں میں سندھ طاس معاہدے کو ایک بہترین مثال تصور کیا جاتا رہا ہے۔انڈیا اور پاکستان کے درمیان متعدد بار سیاسی کشیدگی کے باوجود بھی کسی ملک نے اس معاہدے کو منسوخ نہیں کیا۔

خیال رہے اوڑی حملے کے بعد انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر نظرثانی کی جا رہی ہے۔ ستمبر میں ہونے والے اس حملے میں انڈین فوج کے 19 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔نئی دہلی اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی پائی جاتی ہے۔پاکستان اوڑی حملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر دہلی پانی کے معاملے پر اسلام آباد پر دباوٴ بڑھا سکتا ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ان علاقوں کی انفراسٹرکچر کی تعمیر کا معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا انڈین حکام خیال کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :