بولیویا کی حکومت نے طیارہ حادثے کا ذمہ دار پائلٹ اور ائیر لائن کو قرار دیدیا

یہ حادثہ گزشتہ ماہ ہوا تھا جس میں برازیلین فٹ بالرز سمیت71افراد ہلاک ہوگئے تھے

جمعرات 22 دسمبر 2016 09:55

سکرے(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22دسمبر۔2016ء)بولیویا کی حکومت نے گزشتہ ماہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا ذمہ دار ائیر لائن اور پائلٹ کو قرار دیدیا ،یہ حادثہ گزشتہ ماہ ہوا تھا جس میں برازیلین فٹ بالرز سمیت71افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے بعد بولیویا کی حکومت نے ائیر لائن اور پائلٹ کو حادثے کا ذمہ دارقرار دیا ہے ۔

بولیویا کے پبلک ورکس کے وزیر ملٹن کلاروس نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کے ذمے دار ائیر لائن اور پائلٹ ہیں ۔حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے پائلٹ میگل کیروگا بھی ہلاک ہونے والے 71لوگوں میں شامل ہیں ۔بظاہر طیارے کا فیول ختم ہو گیا تھا جس کے بعد اس نے کولمبیا کے پہاڑی علاقے میڈلن میں کریش لینڈنگ کی تھی ۔

(جاری ہے)

ائیر لائن کے مالک کو گرفتار کر کے ٹرائل شروع کردیا گیا ہے،ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے تاہم دوسری جانب ائیر لائن کے مالک نے یہ الزامات مسترد کر دئیے ہیں۔

طیارے میں برازیل کے فٹبال کھلاڑی بھی موجود تھے جو کوپا سوڈامریکانہ نامی لیگ کا فائنل میچ کھیلنے کے لیے جا رہے تھے ۔ملٹن کلاروس نے کہا کہ طیارہ حادثے میں ائیر لائن اور پائلٹ براہ راست ذمہ دارہیں ۔انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثے کے باعث بولیویا کو فلائٹ آپریشن کے لیے غیر محفوظ قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ان کاکہنا تھا کہ حکومت محفوظ ترین فلائٹ آپریشن کے لیے مزید اقدامات کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ طیارہ حادثے میں 71افراد ہلاک ہوئے جن میں بیشتر برازیل کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی تھے۔ حادثے میں خوش قسمتی سے 6افراد محفوظ رہے جن میں فٹبال ٹیم کے تین کھلاڑی، بولیویا سے تعلق رکھنے والے دو کریو ممبرز اور ایک صحافی شامل ہے۔ طیارے کے پائلٹ نے ایئرکنٹرول کو بتایا تھا کہ طیارے کا ایندھن ختم ہوچکا ہے اور وہ ہنگامی لینڈنگ کرنا چاہتا ہے تاہم اس دوران بدقسمت طیارہ کولمبیا کے پہاڑی علاقے میں گرکرتباہ ہوگیا۔