سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے صوبے میں 50 ہزار اساتذہ این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کر نے کا اعلان کردیا

جلد ہی محکمہ صحت میں ایڈ ہاک بھر تی کئے گئے ڈاکٹروں کو ریگولرائز کر دیا جائیگا ، اسد قیصر

منگل 20 دسمبر 2016 10:16

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20دسمبر۔2016ء)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے موجودہ دور حکومت میں صوبے میں پچاس ہزار اساتذہ این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کر نے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی محکمہ صحت میں ایڈ ہاک بھر تی کئے گئے ڈاکٹروں کو ریگولرائز کر دیا جائیگا ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز گورنمنٹ سنٹینل ماڈل سکول مرغز میں اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

جس سے ایم این اے عاقب اللہ کے علاوہ رونق زمان اور سکول پرنسپل زبیر نے بھی خطاب کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ 2017تک صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں موجود سہولتوں کی کمی کو دور کر دیا جائیگا انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 35صوابی5میں بارہ عدد ہائیر سیکنڈری سکول تعمیر کئے جارہے ہیں جب کہ اسی طرح لا تعداد ہائی ، مڈل اور پرائمری سکول تعمیر کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ طلبہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں لہذا اساتذہ کو چاہئے کہ وہ ان کی بہتر تعلیم و تر بیت پر بھر پور توجہ دیں انہوں نے طلبہ پر بھی زور دیا کہ سکول میں ان کاوقت بہت ہی اہمیت کا حامل ہے اور اس وقت میں ان کا بہتر مستقبل پنہاں ہے لہذا ان کو اپنا بیشتر وقت تعلیم پر مرکوز کرنا چاہئے تاکہ مستقبل میں ملک کی بھاگ دوڑ بہتر طور پر سنبھال سکیں سپیکر نے کہا کہ دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ سکولوں میں جدید لیبارٹریاں قائم کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

تاکہ طلبہ کو سائنسی تعلیم بہتر انداز میں فراہم کی جا سکے سپیکر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں این ٹی ایس کے ذریعے پچا س ہزار اساتذہ کی بھرتی میرٹ پر کی جارہی ہے جس کے باعث سکولو ں میں اساتذہ کی کمی پوری ہو جائے گی انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ہسپتالوں میں ادویات سمیت مشینری فراہم کی جارہی ہے اس کے علاوہ ڈاکٹروں کی تنخواہیں بڑھائی گئی ہیں تاکہ وہ بہتر ماحول میں مریضوں کی خدمت کر سکیں انہوں نے کہا کہ جلد ہی محکمہ صحت میں ایڈ ہاک بھرتی کئے گئے ڈاکٹروں کو ریگو لرائز کر دیا جائیگا انہوں نے کہا کہ گجو خان میڈیکل کالج میں داخلوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جلد ہی کلاسوں کا انعقاد شروع ہو جائیگا سپیکر نے کہا کہ حلقہ انتخاب میں تعلیم، صحت کے علاوہ سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کا جال بچھایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ سیاست عبادت سمجھ کر کرنے کا عہد کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ غلط طریقوں سے پیسہ کمانے کا شوق نہیں رکھتا روز قیامت عوام کی ایک ایک پائی کا حساب دینے کو تیار ہوں اور عوام کسی بھی وقت میرا محاسبہ کر سکتے ہیں۔

سپیکر نے کہا کہ حلقہ میں گیس کی فراہمی کے لئے اپنی جانب سے فنڈز جمع کر وا دیئے ہیں لیکن وزیر اعظم کی جانب سے گیس کے کنکشنوں پر پابندی عائد ہے ہماری کوشش ہے کہ وزیر اعظم این او سی جاری کر دیں تو گیس کی فراہمی ممکن ہو جائے گی انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں علاقہ کی عوام کی تمام محرومیوں کا ازالہ کر نے کی بھر پور کوشش کر رہا ہوں انشاء اللہ عوام کو مایوس نہیں کرینگے

متعلقہ عنوان :