ملک بھر میں کومبنگ آپریشن میں ڈیڑھ لاکھ گرفتاریاں ہوئیں، مصدق ملک

احمد لدھیانوی شناختی کارڈ کے حوالے سے بات کرنے آئے تھے،چوہدری نثار سپریم کورٹ میں وضاحت دیں گے کوئٹہ کمیشن رپورٹ سے3چیزیں اٹھا کر ان پر حملہ کیا گیا،نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 20 دسمبر 2016 10:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20دسمبر۔2016ء)وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کومبنگ آپریشن میں ڈیڑھ لاکھ گرفتاریاں ہوئیں،احمد لدھیانوی شناختی کارڈ کے حوالے سے بات کرنے آئے تھے،چوہدری نثار سپریم کورٹ میں وضاحت دیں گے،کوئٹہ کمیشن رپورٹ سے3چیزیں اٹھا کر ان پر حملہ کیا گیا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ سے تین چیزیں اٹھا کر چوہدری نثار پر حملہ کیا گیا،چوہدری نثار نے سپریم کورٹ پر تنقید نہیں کی،میڈیا اور اپوزیشن کی یلغار کا جواب دیا ہے وہ سپریم کورٹ میں وضاحت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بہت سی تنظیموں کو کالعدم قرار دیا ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کئے گئے اورڈیڑھ لاکھ گرفتاریاں ہوئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیشن میں جو سوالات اٹھائے گئے اس کا سپریم کورٹ میں جواب دیا جائے گا اور جو اچھی تجاویز ہیں ان پر عمل کیا جائے گا۔دفاع پاکستان کونسل میں جماعت اسلامی،جے یو آئی (ف)،پیپلزپارٹی،مسلم لیگ(ق) کے ممبر ہیں،چوہدری نثار نے کون سی کالعدم جماعت کے رہنما سے ملاقات کی ہے۔

انہوں نے ہکا کہ لشکر جھنگوی کو چوہدری نثار نے کالعدم قرار دیا ہے کسی میں جرات نہیں تھی،لدھیانوی صاحب شناختی کارڈ کے معاملے پر بات کرنے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو سوالات اٹھائے ہیں اس کا تحریری جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی صحتیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،وہ کارکنان کا جذبہ بڑھانا چاہتے ہیں تو ان کا حق ہے آئین اور قانون کے دائرے میں جہاں بھی کوئی احتجاج کرے اجازت دی جائے گی،قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ریاست کارروائی کرے گی