ملک میں تعلیمی ادارے پیسے بنانے کی دکانیں بن چکی ہیں‘ عمران خان

اتوار 18 دسمبر 2016 04:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیمی ادارے پیسے بنانے کی دکانیں بن چکی ہیں۔ والدین کی دلچسپی کے بغیر تعلیم کا حصول ممکن نہیں۔ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دلوانے والے والدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایوان اقبال میں منعقدہ نمل کالج میانوالی کے چوتھے کانووکیشن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی عمران خان نے گریجوایشن کرنے والے 2016ء کے طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں۔ عمران خان نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں لیکن تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ اڑھائی کروڑ بچے اپنی مجبوریوں کے ہاتھوں سکولوں سے باہر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا وہ پانامہ لیکس سے فارغ ہوکر اپنی ساری توجہ نمل یونیورسٹی پر دیں گے۔

نمل یونیورسٹی کو ملک کا سب سے بڑا نالج سنٹر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر تعلیم پر توجہ دے تو ملک ترقی کرے گا۔ حکومت سڑکوں اور پلوں پر سرمایہ کاری کرنے کی بجائے انسانوں پر سرمایہ کاری کرے تو قوم بنے گی، ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب وہی ہوتا ہے جو ہار سے نہیں ڈرتا، رسک لئے بغیر کوئی لیڈر بھی نہیں بنتا جو چیمپئن ہوتا ہے وہ ہر برے وقت سے سیکھتا ہے۔ پیغمبروں نے بھی ظلم و جبر کے خلاف جنگیں لڑیں اور ہمیں بھی پاکستان میں ظلم، جبر، کرپشن اور بادشاہت کے خلاف جنگ لڑنا ہوگی۔

متعلقہ عنوان :