حکومت نے 11 شخصیات سے فری سگنل سہولت واپس لے لی

جن افسران کو یہ سہولت میسر ہے انہیں سہولت بدستور دی جائے گی

اتوار 18 دسمبر 2016 05:11

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2016ء) حکومت نے 11 شخصیات سے فری سگنل سہولت واپس لے لی، جبکہ جن افسران کو یہ سہولت میسر ہے انہیں سہولت بدستور دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق حکومت نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں 11 اہم شخصیات کے موقع پر فری سگنل سہولیات واپس لینے کا حکم دے دیا ہے جس کے مطابق لاہور کے 2ڈی آئی جیز سے بھی یہ سہولت واپس لے لی گئی ہے تاکہ ٹریفک پولیس پر بوجھ کم کیا جا سکے۔

معلوم ہوا ہے کہ بعض غیرمجاز شخصیات بھی بڑی سہولت لے رہی تھیں۔ اب انہیں اشاروں پر رکنا بھی پڑے گا اور ان کی گاڑیاں ٹریفک میں بھی پھنسیں گی۔ یہ سہولت انتہائی غیرضروری تھی۔ ٹریفک وارڈنز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کو بتا دیا گیا ہے کہ آئندہ یہ سہولت صرف ان شخصیات کو ملے گی جن کا ”بلیو بک“ میں ذکر ہے۔

(جاری ہے)

ان شخصیات میں وزیراعلیٰ‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ‘ چیف سیکرٹری‘ ہوم سیکرٹری‘ وزیر قانون‘ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل آئی جی‘ سرکاری مہمان اور دوسری مجاز وی وی آئی پیز شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بعض افسر اپنا نام مجاز وی وی آئی پیز کی فہرست میں شامل کرانے کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہیں۔ سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ حالیہ سرکاری میٹنگز میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ غیرضروری پروٹوکول کلچر نے افراتفری پھیلا رکھی ہے۔

یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ بعض بیوروکریٹس قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن‘ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ‘ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس‘ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور ایڈیشنل آئی جی آپریشن غیرضروری طور پر سگنل فری سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔