سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پی آئی اے طیارے کی فروخت پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیا

ہفتہ 17 دسمبر 2016 11:23

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17دسمبر۔2016ء)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین اورپیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پی آئی اے کے طیارے کی فروخت پر سینیٹ میں توجہ دلاو نوٹس جمع کرادیا ہے ۔ توجہ دلاو نوٹس پر پیپلزپارٹی اور اپوزیشن اراکین کے دستخط ہیں ،سینیٹر سلیم مانڈوی والانے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے ایک طیارہ غیر قانونی طور پر فروخت کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کا طیارہ ٹینڈر کھولنے سے قبل جرمنی کی کمپنی کے حوالے کیا گیا ۔پی آئی اے کا قابل پرواز طیارہ 53 لاکھ روپے میں فروخت کردیا گیا ہے جبکہ طیارے کی اصلی قیمت کئی ملین ڈالرز میں تھی، پی آئی اے کا طیارہ اسرائیلی فلم میں پروپیگنڈا کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ سلیم مانڈوی والا نے توجہ دلاو نوٹس میں کہا ہے کہ پی آئی اے کا طیارہ پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دن دیہاڑے فروخت کردیا گیاہے، پی آئی اے کے طیارے کے فروخت کا معاملہ ایوان بالا میں زیر بحث لایا جائے۔