وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کے پبلسٹی پلان کی منظوری دے دی

جمعہ 16 دسمبر 2016 11:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کے پبلسٹی پلان کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد عوام کو حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور اصلاحات کے بارے میں آگاہ کرنا ہے ۔وہ وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں محکمہ اطلاعات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں صوبائی وزراء عنایت الله اور محمود خان، مشیر اطلاعات مشتاق احمد غنی، سیکرٹری اطلاعات طاہر حسن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات نے محکمہ اطلاعات کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے عام لوگوں کی فلاح کیلئے تعلیم ، صحت، مقامی حکومت میں صوبائی حکومت کی قانون سازی ، اصلاحات اور اقدامات کی بھر پور تشہیر کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور ہر سرکاری ادار ے میں اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔اداروں کو سیاست سے پاک کیا اور انہیں صحیح معنوں میں عوام کا خادم بنایا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مجوزہ پبلسٹی پلان کے ذریعے سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکومت کا تقابلی جائزہ کرکے عوام کو موجودہ حکومت کی فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے غیر ضروری اخراجات کی حوصلہ شکنی کی اور عوام کا پیسہ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کرنے کا کلچر متعارف کروایا اور سسٹم کو عوام کی توقعات کا آئینہ دار بنایا۔

پرویز خٹک نے مالی نظم وضبط اور وسائل کے ضیاع کے بارے میں حکومت کے اقدامات کی مناسب تشہیر پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو آگا ہ کیا جائے کہ آج کا خیبر پختونخوا ماضی سے کتنا مختلف ہے اور موزانہ کرکے صحیح اور غلط کے بارے میں عوام میں شعور پیدا کیا جائے۔وزیر اعلی نے کہا کہ بہتر مالی نظم و ضبط کے ذریعے فنڈز کو عوامی فلاح وبہبود کیلئے مختص کیا گیا اورعوام واضح فرق محسوس کر رہے ہیں جس کے بارے میں بھرپور تشہیر اور آگہی وقت کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو معلوم ہو سکے کہ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کے ان کی زندگی پر کیا مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ریکارڈ قانون سازی اور اصلاحات نے فرسودہ نظام کو یکسر تبدیل کر دیا ہے نظام میں شفافیت لائی گئی ہے جس سے بہتر طرز حکمرانی وجود میں آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تشہیری منصوبہ محض حکومتی اقدامات کی تعریف تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ عوام کو تصویر کے دونوں رخ دکھانے چاہئے تاکہ وہ حقائق کی تہہ تک پہنچ سکیں اور اچھے برے کو جانچ سکیں۔

متعلقہ عنوان :