ایف 9- پارک میں دوست ملک چین کی جانب سے فراہم کردہ سولر لائٹ پلانٹ کی قلیل مدت میں تنصیب قابل ستائش ہے، اسحاق ڈار

منصوبے سے پارک میں استعمال ہونے والی بجلی کو کم خرچ بنایا جائے گا ، ایف 9- پارک میں چین کی جانب سے فراہم کیے جانے والے سولر لائٹ پلانٹ کی تنصیب کے افتتاح کے موقع پر خطاب

جمعہ 16 دسمبر 2016 11:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16دسمبر۔2016ء)ایف 9- پارک میں دوست ملک چین کی جانب سے فراہم کیے جانے والے سولر لائٹ پلانٹ کی قلیل مدت میں تنصیب قابل ستائش ہے۔ اس منصوبے سے پارک میں استعمال ہونے والی بجلی کو کم خرچ بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے خزانہ ،سینٹر محمد اسحاق ڈار نے ایف 9- پارک میں چین کی جانب سے فراہم کیے جانے والے سولر لائٹ پلانٹ کی تنصیب کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

تقریب میں میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز اور چین کے پاکستان میں سفیر سن ویلڈونگ بھی موجود تھے۔ایف 9- پارک میں چین کی طرف سے فراہم کردہ سولر لائٹ منصوبے کی قلیل مدت میں تکمیل پر وفاقی وزیر برائے خزانہ سینٹر اسحٰق ڈار نے سی ڈی اے کو مبارکباد بھی دی اور عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے 33.1 کروڑ رین مینبی (4.8 کروڑامریکی ڈالرز) کی مالی معاونت سے 0.85 میگا واٹ کے حامل منصوبے کو فراہم کیا جس سے بجلی پر خرچ ہونے والے اخراجات میں بھی کمی لائی جا سکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ CPEC منصوبے کے تحت 34 ارب روپے کی انرجی کی مد میں اورگوادر پورٹ کے ترقیاتی منصوبوں میں 6 ارب روپے امریکی ڈالرز کی مالی معاونت پاک چین دوستی کی ایک عمدہ مثال ہے ۔ ایف 9- پارک میں بجلی کی بچت کا یہ منصوبہ بھی دونوں ممالک کی دوستی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار کا حامل ہو گا۔وفاقی وزیرِ خزانہ سینٹر اسحق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے ھدف کے مطابق 2017 ءء میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے میں اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے جن کے تحت آئندہ سال میں 27000 میگا واٹ بجلی کا قومی گرڈ سٹیشن میں اضافہ نمایاں اہمیت کا حامل ہو گا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے خزانہ سینٹر اسحٰق ڈار نے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز اور چین کے پاکستان میں سفیر سن ویلڈونگ کے ساتھ مل کر منصوبے کا افتتاح کیا اور اسکے بعد دعا مانگی۔ قبل ازیں چین کے پاکستان میں سفیر سن ویلڈونگ نے وفاقی وزیر برائے خزانہ اسحٰق ڈار کی موجودگی میں اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو منصوبے کی دستاویزات بھی حوالے کیں۔

متعلقہ عنوان :