وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے نوشہرہ میں شمسی توانائی کے پینلز کی فراہمی کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کردیا

جمعرات 15 دسمبر 2016 11:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے تعاون سے ضلع نوشہرہ کے بجلی کی سہولت سے محروم دیہات پیران پایاں اور قلعہ کنڈاؤ کے تین سو خاندانوں میں شمسی توانائی کے پینلز کی فراہمی کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ایک خصوصی تقریب ہوئی۔

تقریب میں صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل، وزیراعلیٰ کے مشیر میاں خلیق الرحمن اور رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد خان کے علاوہ پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے حکام اور علاقے کے عوام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے علاقے کے باسیوں میں پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی جانب سے فراہم کئے گئے سولر پینل تقسیم کرتے ہوئے بجلی سے محروم علاقے کے عوام کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی فراہمی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کمپنی کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ علاقہ پیران کے دیہات کیلئے شمسی توانائی کا منصوبہ منظور ہو چکا ہے۔ جس کے تحت ان دیہات کے تمام باسیوں کو سولر پینل مہیا کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پاکستان ٹوبیکو کمپنی کی فلاحی سرگرمیوں کو بھی سراہا۔قبل ازیں پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے نمائندے اطہر بیگ نے کہا کہ کمپنی نے گزشتہ سال پیران بالا کے تین سو خاندانوں کو سولر پینل مہیا کئے تھے جبکہ اس سال پیران پایاں کے مزید تین سو خاندانوں کو یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے کمپنی کے فلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔واضح رہے کہ تین سو خاندانوں کو سولر پینل کی فراہمی پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ منصوبے کے تحت ہر خاندان کو ایک پنکھا ، 2 بلب ، بیٹری، موبائل چارجر، ٹارچ اور سولر پینل مہیا کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :