بھارت: ترانے کے احترام میں کھڑا نہ ہونے پر 12 افراد گرفتار

ہمیں حملے کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ،کسی قسم کی تحقیقات نہیں کی جارہیں، انسپکٹر آف پولیس

بدھ 14 دسمبر 2016 11:27

نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14دسمبر۔2016ء ) بھارتی ریاست کیرالہ کے دارالحکومت تھرووانانتھا پورم میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے موقع پر ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہونے پر 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں عمل میں آئی ہیں جب گذشہ ماہ ہندوستانی سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ ملک میں ہونے والی ہر فلم کی نمائش سے قبل قومی پرچم کی تصویر کے ساتھ ترانہ ضرور چلایا جائے، اس موقع پر حاضرین کے لیے بھی کھڑا ہونا لازمی قرار دیا گیا، جس کا مقصد جذبہ حب الوطنی کو جگانا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادار ے کے مطابق تھرووانانتھا پورم کے انسپکٹر آف پولیس انیل کمار نے بتایا کہ فلم فیسٹیول کے موقع پر 2 مختلف واقعات میں ترانے کے لیے کھڑا نہ ہونے پر 12 افراد کو گرفتار کیا گیا، جنھیں بعدازاں ضمانت پر رہائی مل گئی۔

(جاری ہے)

انیل کمار کے مطابق کیرالہ میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے رضاکاروں نے پولیس کو شکایت کی تھی کہ 12 افراد نے متعدد درخواستوں کے باوجود بھی کھڑا ہونے سے انکار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 میں سے 6 افراد پر کھڑا نہ ہونے پر تشدد کیا گیا، تاہم حملہ آوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انیل کمار نیبتایا، 'ہمیں حملے کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور اس حوالے سے کسی قسم کی تحقیقات نہیں کی جارہیں'۔پولیس کے مطابق اتوار 11 دسمبر کو بھی چنئی کے ایک سینما میں دکھائی جانے والی فلم سے قبل قومی ترانے کے لیے کھڑا نہ ہونے پر دائیں بازو کے کارکنوں نے 8 افراد پر تشدد کیا تھا۔بعدازاں قومی ترانے کا مبینہ طور پر احترام نہ کرنے پر پولیس نے ان 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔

متعلقہ عنوان :