کراچی،شہر بھر کی تیس سے زائد این جی اوز اور یوتھ گروپس کا مےئر کراچی کی سو روزہ صفائی مہم میں ساتھ دینے کا فیصلہ

اپنی اپنی تنظیموں اور گروپس کی جانب سے مختلف پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

پیر 12 دسمبر 2016 07:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2016ء) شہر بھر کی تیس سے زائد این جی اوز اور یوتھ گروپس نے مےئر کراچی کی سو روزہ صفائی مہم میں ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور کراچی میں اس حوالے سے اپنی اپنی تنظیموں اور گروپس کی جانب سے مختلف پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ، اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز مےئر کراچی کے ساتھ مختلف این جی اوز اور یوتھ گروپس کے لیڈرز کی ملاقات کے موقع پر کیا گیا، اس موقع پر پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، سٹی کونسلرسبین غوری، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن سیف عباس اور دیگر افسران موجود تھے، مےئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی ترقی، امیج بلڈنگ، ماحولیات، بیوٹیفکیشن میں غیر سرکاری تنظیموں کا اہم کردار ہے اور اپنے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے یہ تنظیمیں حکومتی خدمات میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں غیر سرکاری تنظیموں کو حکومتی سرپرستی اور مالی معاونت حاصل ہوتی ہیں تاکہ وہ اپنے اہداف کو مکمل کرسکیں، مےئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ نوجوان ہی وہ طاقت ہیں جو کراچی کو درپیش مسائل حل کرسکتے ہیں اور یہ وہ توانائی ہے جو اس وقت میدان عمل میں آکر شہریوں کی خدمت کر سکتے ہیں، ، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں جذبہ ایثار اور خدمت کا ہوتا ہے وہ مسائل کو اپنے زور بازو سے حل کرنے کا سوچتے ہیں اور اس پر عمل کرتے ہیں انہیں کیوں، کیسے، کب ہوسکتا ہے جیسے جملوں پر یقین نہیں ہوتا بلکہ حقیقت پسندانہ سوچ کو اپناتے ہوئے میدان عمل میں کود پڑتے ہیں وسائل کو یکجا کرتے ہیں ٹیم بناتے ہیں اور دےئے گئے ہدف پر کام شروع کردیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ این جی اوز اور یوتھ لیڈرز گروپس مل کر کراچی میں جاری سو روزہ صفائی مہم کو کامیاب بنائیں اور اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے ہونے والے کاموں میں حصہ لیں۔

متعلقہ عنوان :