کراچی:عیدمیلاد النبی کے جلوس پرحملوں کا منصوبہ ناکام ،5دہشت گرد گرفتار

دہشت گردوں نے افغانستان سے اسلحہ چلانے اور بم بنانے کی تربیت کا اعتراف کرلیا سرجانی ٹاؤن سے ایک ہیوی اور آٹھ سب مشین گنوں سمیت بھاری اسلحہ وگولہ بارود برآمد

پیر 12 دسمبر 2016 07:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2016ء)سکیورٹی اداروں نے عیدمیلادالنبی کے جلوس پر حملوں کامنصوبہ ناکام بنا دیا ،کالعدم تحریک طالبان کے 5دہشت گرد کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، دہشت گردوں نے افغانستان سے اسلحہ چلانے اور بم بنانے کی تربیت کا اعتراف کرلیا، رینجرز نے سرجانی ٹاؤن سے ایک ہیوی اور آٹھ سب مشین گنوں سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا ۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بارہ ربیع الاول کے موقع پر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ، کالعدم تحریک طالبان کے 5دہشت گردوں نے کرائے کے مکان میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔ کراچی میں بارہ ربیع الاول پر دہشت گردوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اورنگی ٹاؤن کی اقبال مارکیٹ سے گرفتار کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 5دہشتگردوں نے کرائے کے مکان میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کرنے انکشاف کیا ہے ۔

دو روز قبل گرفتار دہشتگردوں نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ انہوں نے افغانستان سے اسلحہ اور بارود استعمال کرنے کی تربیت حاصل کی ۔ طویل عرصے سے کراچی میں مقیم تھے اور اہم مقامات کی ریکی کرچکے تھے ۔ دہشت گردوں نے بیان دیا ہے کہ وہ کچھ عرصے بعد کرائے کے مکانات اور علاقہ تبدیل کرلیتے تھے ۔ دہشت گردوں نے کئی بچوں کو اغوا کر کے تاوان وصول کرنے اور سائٹ ایریا کی فیکٹری مالک سے بھتہ وصول کرنے کا اعتراف بھی کیا ۔

پولیس کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق ٹی ٹی پی کے بیت اللہ محسود گروپ سے ہے ۔ دوسری جانب رینجرز نے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون کے سیکٹر 8بی میں بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاجسے زمین میں دباکر اوپرواش روم بنایاگیاتھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلحہ گرفتارملزم کی نشاندہی پر برآمد ہوا،اسلحے کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے جسے چند ماہ پہلے گھرمیں دبایاگیاتھا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر رینجرز نے ایک بند مکان پر چھاپہ مارا، مکان کافی عرصے سے بند تھا اور چند ماہ قبل ہی اسلحے کو زمین میں دفن کرکے اس پر واش روم بنایا گیا تھا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کاررروائی کے دوران 1ہیوی مشین گن، 8سب مشین گنز، 5ایل ایم جیز، 4جی تھری، 4ایٹ ایم ایم رائفلز، 5رپیٹرز، 6ٹی ٹی پستول، 5نائن ایم ایم اور 5ہزار سے زائد گولیاں برآمد ہوئیں۔

متعلقہ عنوان :