جے یو آئی (ف) کا سٹی کونسل میں میئر کراچی کا ساتھ دینے کا فیصلہ

مولانا فضل الرحمن انتہائی نفیس انسان ہیں،امید ہے وہ وزیراعظم کو کراچی کا حق دینے پر راضی کر لیں گے ،وسیم اختر

جمعہ 9 دسمبر 2016 11:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2016ء)جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سٹی کونسل میں میئر کراچی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، مولانا فضل الرحمن قومی اسمبلی میں کراچی کے حق کیلئے آواز اٹھائیں وہ ایک انتہائی نفیس انسان ہیں ہمیں امید ہے کہ وہ وزیراعظم کو اس بات پر راضی کریں گے کہ کراچی کو اس کا حق دیا جائے یہ بات میئر کراچی وسیم اختر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) وفد کے درمیان ملاقات میں ہوئی، میئر کراچی وسیم اختر ، اظہار احمد خان، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈراسلم آفریدی اور ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام (ف)کے دفتر پہنچے تو ان کا جمعیت علمائے اسلام (ف) کے نائب امیر قاری عثمان، مولانا عبدالکریم عابد، ضلع شرقی کے جنرل سیکریٹری مولانا غیاث، چیئرمین یوسی 3 پٹھان کالونی سید اکبر شاہ ہاشمی، یوسی 22 اورنگی ٹاؤن کے سید حیدر شاہ، یوسی 3 ملیر کے چیئرمین احسان اللہ ٹیکری ، مولانا سلطان محمود ،مفتی عبدالحق عثمانی اور دیگر رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا ، میئر کراچی وسیم اختر نے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے، کرپشن عروج پر ہے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ماضی کو بھلا کر آگے بڑھیں اور کراچی کی ترقی و بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں ، میئر کراچی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن قومی اسمبلی میں کراچی کیلئے آواز اٹھائیں اور وزیر اعظم تک کراچی کا مسئلہ پہنچائیں تاکہ یہاں ترقیاتی کام کرائے جاسکیں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور ہم نے پانچ سال ساتھ گزاریں ہیں وہ اچھے انسان ہیں پہلے ہی ہمیں مشورے دیتے رہیں ہیں اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی ہماری مدد کریں گے جب تک اتحاد نہیں ہوگا ہم اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ہر سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کے مسائل حل کریں گے ، جمعیت علمائے اسلام (ف) صوبہ سندھ کے امیر قاری عثمان نے کہا کہ ہمارے سٹی کونسل کے ممبران آپ کے ساتھ ہیں اور ہر جائز کام میں آپ سے تعاون کریں گے ۔

(جاری ہے)

جے یو آئی کا ہمیشہ کراچی میں سیاسی کردار رہا ہے اور ہم نے ہمیشہ ثالثی کا کردار ادا کیا ہے، سٹی کونسل میں میئر کراچی کی رہائی کے لئے جو قرارداد لائی گئی تھی ہم نے اس کی مکمل حمایت کی تھی انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمارے علاقوں میں کام نہیں ہوا لیکن اب ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ کراچی کے مضافاتی علاقوں سمیت ان علاقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے جنہیں ماضی میں نظر انداز کیا گیا آپ جو قدم بڑھائیں گے ہم آپ کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی ہر طرح سے تباہ ہے اور میئر کراچی وسیم اختر ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں جو یقینا کراچی کو ترقی کی منزلوں کی طرف لے کر جائیں گے اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صحت اور طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔