پانامہ کیس کے فیصلے تک وزیر اعظم کو سرکاری اختیارات کے فیصلے سے روکا جائے، سراج الحق

عدالت نے پانامہ کیس کا فیصلہ نہ کیا تو پھر اس کا فیصلہ چوکوں اور چوراہوں میں کیا جائے گا شیروں پرحکمرانی کرنے والے بزدل حکمران دوستی ،خیر سگالی اور اچھے سفارتی تعلقات کا پیغام بھارت کو بھیجتے ہیں، امیر جماعت اسلامی کا تقریب سے خطاب

جمعہ 9 دسمبر 2016 11:11

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2016ء)امیر جماعت اسلامی وسینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ پانامہ کیس کے فیصلے تک وزیر اعظم کو سرکاری اختیارات کے فیصلے سے روکا جائے اگر عدالت نے پانامہ کیس کا فیصلہ نہ کیا تو پھر اس کا فیصلہ چوکوں اور چوراہوں میں کیا جائے گا شیروں پرحکمرانی کرنے والے بزدل حکمران دوستی ،خیر سگالی اور اچھے سفارتی تعلقات کا پیغام بھارت کو بھیجتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹڈی ایڈ فاؤنڈیشن فار ایکسی لینس (SAFE) کے زیر اہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ راولپنڈی آئیڈیل سٹوڈنٹ ایکسپو (RISE) میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا سراج الحق نے حویلیاں میں پی آئی اے کے طیارے کے المناک حادثے 47انسانی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قومی سانحہ سے پوری قوم اشکبار ہے انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے جنید جمشید کوپاکستان کا روشن ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے لئے جنید جمشید کی زندگی بھی مشعل راہ ہے انہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز گلوکاری سے کیا جس میں انہیں بہت پذیرائی ملی لیکن اپنی شہرت کی بلندیوں پرپہنچنے کے بعد اللہ رب العزت کی جانب سے ان کے دل کو منور کر دیا گیا تو ایک مشہور گلوکار مبلغ اسلام بن کر سامنے آیا اور اس نوجوانی کی تبلیغ نے بہت سے غیر مسلموں کو دائرہ اسلام میں شامل ہونے پر مجبور کر دیا اور بہت سے بھٹکے ہوئے لوگ ان کی تبلیغ کے باعث راہ راست پر آگئے انہوں نے کچھ وقت ہی میں اپنی پر اثر تبلیغ سے سینکڑوں افراد کی زندگی بدل دی انہوں نے پانامہ لیکس میں وزیر اعظم پاکستان اور ان کا خاندان الزامات کی زد میں ہے جبکہ نواز شریف وزارت عظمیٰ کے منصب اور اختیارات سے مسلسل لطف اندوز ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو الزام ختم ہونے تک اپنے اختیارات استعمال نہیں کرنے چاہئیں اگر عدالت کا فیصلہ منصفانہ نہ ہو ا تو پھر فیصلہ چوکوں اور چوراہوں پر ہو گا پانامہ لیکس، دبئی لیکس ، لندن لیکس کے حوالے سے جب بھی احتساب کی بات کی جائے تو جواب دینے کی بجائے الٹا الزام تراشی شروع کر دی جاتی ہے جماعت اسلامی کے امیر سے لے کرکسی ادنیٰ کارکن کے دامن پر بھی کرپشن کا داغ نہیں ہے سراج الحق کا احتساب غریب سے نہیں بڑے امیروں سے شروع ہو گا انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں پاکستان کا ہر بچہ شاہین ہے لیکن بدقسمتی سے شیروں کی قیادت اس وقت بزدلوں کے ہاتھ میں ہے پاکستان میں آج بھی 2کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں جماعت اسلامی برسر اقتدار آتے ہی دفاعی اور سکیورٹی کے بعد سب سے زیادہ اخراجات تعلیم پر کرے گی ملک بھر میں تعلیم کی مفت فراہمی کے بعد اور امیر و غریب کو یکساں نصاب کے تحت تعلیم دی جائے گی انہوں نے کہا کہ مودی ہمیں دہمکیاں دے رہا ہے اور پاکستانی حکمران دوستی ،خیر سگالی اور اچھے سفارتی تعلقات کے لئے منتیں کر رہے ہیں پاکستان میں منعقدہ سارک کانفرنس میں بھارت نے شرکت سے واضح انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے کانفرنس منسوخ کر دی گئی تھی لیکن بھارت میں ہونے والی کانفرنس میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کی شرکت انتہائی افوسناک ہے