گرین پالیسی پر عمل در آمد کے بارے میں اجلاس

صوبے میں موجود جنگلات سے قانونی طور پر کاٹی گئی لکڑی کے فروخت کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت صوبے میں 33 لاکھ مکعب فٹ لکڑی موجود ہے جس کو باقاعدہ کمیٹی نے پاس کیا ، 20لاکھ مکعب فٹ لکڑی مارکیٹ پہنچ گئی ، 5لاکھ فٹ لکڑی فروخت کی گئی، اجلاس کو بریفنگ

بدھ 7 دسمبر 2016 11:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں موجود جنگلات سے قانونی طور پر کاٹی گئی لکڑی کے فروخت کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس آمدنی کے ساتھ عوام کو سستے داموں لکڑی مہیا ہو سکے۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں گرین پالیسی پر عمل در آمد کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ما حولیات و جنگلات اشتیاق ارمڑ، سپیشل سیکرٹری جنگلات ضیاء الحق اور چیف کنزرویٹر محمد صدیق خان خٹک نے شرکت کی۔

سابق صوبائی وزیر یوسف ترند بھی موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو 2003پالیسی کے تحت قانونی طور پر جنگلات سے کاٹی گئی لکڑی کی نقل و حمل اور فروخت کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت صوبے میں 33 لاکھ مکعب فٹ لکڑی موجود ہے جس کو باقاعدہ کمیٹی نے پاس کیا ہے۔ اسی طرح 20لاکھ مکعب فٹ لکڑی مارکیٹ پہنچ گئی ہے جبکہ 5لاکھ فٹ لکڑی فروخت کی گئی ہے جس سے 700ملین روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سے صوبے میں موجودہ لکڑی کی فروخت کے طریق کار کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے فروخت کے عمل کو تیز کرنے اور اپریل تک تمام لکڑی فروخت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس سلسلے میں مزید تساہل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے موجود لکڑی ٹھکانے لگانے کے لئے منصوبہ ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس کو جنگلات کے انتظام و انصرام کے لئے ورکنگ پلان کی تیاری کے بارے میں بتایا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جنگلات کی کٹائی اور فروغ کے لئے 42پلان کی تیاری کے ہدف میں سے 18اب تک مکمل کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے جنگلات کے فروغ کے لئے منصوبوں کی جلد تشکیل اور اس پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں ہر ہفتے منصوبوں کی تیاری کے عمل کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضلع کی سطح پر جنگلات سے متعلق لوگوں کو اعتماد میں لینے اور جنگلات کی کٹائی کے نہ ہونے سے ان کو درپیش مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں ہر ضلع کے لئے ٹیم تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ جنگلات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جنگلات کے تحفظ کے لئے اس کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :