لاہور ہائیکورٹ نے کرپشن کی بنیاد پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی نااہلی کی درخواست قابل سماعت قرار دیدی، رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم

بدھ 7 دسمبر 2016 11:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2016ء )جسٹس شمس محمود مرزا نے شہری فیصل نصیر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دونوں مل کر ملک میں کرپشن کر رہے ہیں، سرکاری اداروں میں منظور نظر افراد کو نوازا جا رہا ہے اور نااہل لوگوں کو تعینات کر کے کرپشن کی جا رہی ہے، پنجاب کے ہر سرکاری محکمے میں کرپشن کی شکایات آ رہی ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اڑھائی سو ارب روپے کا کوئی حساب کتاب موجود نہیں ہے، کرپشن کی بنیاد پر وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست کے ناقابل سماعت ہونے اور وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو استثنیٰ حاصل ہونے کا اعتراض لگایا ہے جو بلاجواز ہے، اعتراض ختم کر کے درخواست کو قابل سماعت قرار دیا جائے، عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست قابل سماعت قرار دیدی، عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ درخواست کو کسی مناسب بنچ کے روبرو ابتدائی سماعت کیلئے پیش کیا جائے۔