وزیر اعلی شہباز شریف کا گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیاں ہر قیمت پر یقینی بنانے کا حکم

کاشتکاروں کو گنے کی قیمتوں کے فوری ادائیگی کا موثر نظام بنا کر اس پر عمل کیا جائے، تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں میں گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیوں کے عمل کا ذاتی طور پر جائزہ لوں گا :وزیر اعلی کی لندن سے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت

منگل 6 دسمبر 2016 11:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2016ء )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے لندن سے صوبائی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیاں ہر قیمت پر یقینی بنائی جائیں اورکاشتکاروں کو اس ضمن میں کوئی دشواری پیش نہیں آنی چاہیے- وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو گنے کی قیمتوں کے فوری ادائیگی کا موثر نظام بنا کر اس پر عمل کیا جائے- گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کے معاوضے میں تاخیر کسی صورت قبول نہیں -وزیر اعلی نے کہا کہ کاشتکار میرے بھائی ہیں اور ان کا مسئلہ میرا مسئلہ ہے -کاشتکاروں کا مفاد مقدم ہے اور اس کا ہر صورت تحفظ کریں گے -انہوں نے کہا کہ کاشتکارخوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا - محنت سے غلہ اگانے والے جفاکش کسانوں کی فلاح ہماری پہلی ترجیح ہے -کاشتکاروں کی فلاح اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے ہی 100 ارب روپے کا کسان پیکیج دیا گیا ہے -انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کیلئے ملک کی تاریخ میں پہلی بار بلا سود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے - انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے فلاح کے پروگراموں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے -وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیوں کے عمل پر فی الفور عملدرآمد ہونا چاہیے- میں گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیوں کے عمل کا ذاتی طور پر جائزہ لوں گا -

متعلقہ عنوان :