وزیراعظم آج خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں گیس پراسینگ منصوبے کا افتتاح کریں گے

منگل 6 دسمبر 2016 11:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2016ء)وزیراعظم نوازشریف آج خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں گیس پراسینگ منصوبے کا افتتاح کریں گے اس منصوبہ میں صوبائی حکومت کی نمائندگی نہیں ہوگی کیونکہ صوبائی حکومت کو منصوبے کے بارے میں مکمل طور پر بے خبر رکھا گیا ہے۔کرک کے علاقے مکوڑی فیلڈ میں اہم آئل کمپنی مول تیل اور گیس کی تلاش میں مصروف کار ہے،افتتاحی تقریب میں مول کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر بیری بھی شرکت کریں گے۔

مکوڑی میں جی پی ایس پلانٹ اپنی نوعیت کا پہلا پلانٹ ہوگا جس سے اس فیلڈ سے اربوں روپے کے آئل اینڈ گیس کی چوری روکنے میں بھی مدد ملے گی۔مول کمپنی کے خلاف پہلے ہی اربوں روپے کی گیس چوری کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ تحقیقات جاری ہونے کے باوجود وزیراعظم کمپنی کی دعوت پر کرک جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو مکوڑی لے جانے میں اہم کردار مصدق ملک نے ادا کیا ہے جس کا قریبی عزیز مول کمپنی میں بھاری تنخواہ پر نوکری کرتے ہیں۔

بیرسٹر اسامہ مول کمپنی کے معاملات وزیراعظم آفس سے ہینڈل کرانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔مول کمپنی کو مارگلہ کا بلاک بھی دیا گیا تھا لیکن اس علاقے میں کمپنی نے کوئی کام شروع ہی نہیں کیا اور حکومت نے اس بلاک کے بدلے کرک میں فیلڈ دے دیا ہے۔وزیراعظم اب اس فیلڈ کا افتتاح کریں گے جس میں صوبائی وزراء اور وزیراعلیٰ شریک نہیں ہوں گے۔

اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6دسمبر۔2016ء سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی ایم این اے شہر یار آفریدی نے کہا کہ انہیں منصوبے کے افتتاح کا علم ہی نہیں ہے جبکہ ناصر خٹک مقامی ایم این اے نے بھی کہا کہ انہیں بھی اطلاع نہیں دی گئی۔انہوں نے ڈی جی ایف آئی اے سے مطالبہ کیا کہ کرک اور کوہاٹ میں آئل چوری کی جاری تحقیقات فوری مکمل کریں۔مول کی ترجمان کمپنی نے کہا وزیراعظم منگل کے روز منصوبہ کا افتتاح کریں گے جس کیلئے پروگرام کو حتمی شکل دیدی گئی ہے

متعلقہ عنوان :