” مرتا کیا نہ کرتا “

غریب سکیورٹی گارڈ نے اپنے مغوی بیوی بچوں کی تلاش کیلئے وفاقی پولیس کے اہلکاروں کو کراچی جانے کیلئے تین جہاز کے ٹکٹ خرید کردیئے تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس غریب شہری کے خرچ پر فرض نبھانے کراچی جانے کو تیار ہوگئی

پیر 5 دسمبر 2016 10:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2016ء) مرتا کیا نہ کرتا ‘ غریب سکیورٹی گارڈ نے اپنے مغوی بیوی بچوں کی تلاش کیلئے وفاقی پولیس کے اہلکاروں کو کراچی جانے کیلئے تین جہاز کے ٹکٹ خرید کردیئے تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس غریب شہری کے خرچ پر فرض نبھانے کراچی جانے کو تیار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں گل نواز ولد محمد نواز خان نامی شخص نے چند روز قبل ایف آئی آر درج کرائی کہ علی رضا ولد ہاشم نے اس کی بیوی اور تین بچوں کو اغواء کرلیا ہے۔

ان کی تلاش کی جائے اور علی رضا اور اس کے نامعلوم ساتھیوں کو گرفتار کیا جائے۔ تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے پہلے تو کئی روز تک مدعی گل نواز کو تھانے کے چکر پر چکر لگوائے اور بعد ازاں مدعی کی بیوی کے موبائل ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے ملزم علی رضا کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کیلئے کراچی جانے کیلئے مدعی گل نواز سکیورٹی گارڈ سے ہوائی جہاز کے تین ٹکٹ مانگ لئے۔

(جاری ہے)

گل نواز نے پولیس سے التجاء کی کہ وہ ایک غریب آدمی ہے اور ہوائی جہاز کے ٹکٹ کا خرچ برداشت نہیں کر سکتا جس پر تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے مدعی گل نواز کی مدد کرنے سے انکار کردیا اور مدعی کو کہا کہ جاؤ پھر خود اپنے بیوی بچوں کو تلاش کرلو۔ مرتا کیا نہ کرتا مدعی گل نواز نے قرض لے کر پولیس کو ہوائی جہاز کے کراچی جانے کیلئے تین ٹکٹ خرید کر دے دیئے۔

تاہم پولیس تاحال کراچی روانہ نہیں ہوئی۔ آئندہ چند روز میں مغویوں کی تلاش کیلئے پولیس اہلکار روانہ ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ مدعی گل نواز نے بیس نومبر 2016 ء کو تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درخواست دی کہ وہ ضلع بھکر کا سکونتی ہے جبکہ اسلام آبادمیں سکول سٹاپ نزد مسجد بلال ترلائی کلاں رہائش پذیر ہے 19 نومبر سے اس کی بیوی مسماة شازیہ بی بی اور تین بچے رابعہ بی بی ‘ بلال اور ابرار حسین گھر سے غائب ہیں‘ مدعی نے اپنے طور پر تلاش کیا لیکن کوئی پتہ نہ چلا جس کے بعد تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درخواست دی گئی۔

پولیس نے مدعی کو موبائل کا ڈیٹا حاصل کیا تو معلوم ہوا علی رضا نامی شخص جو کہ سانگھڑ کا رہائش ہے اس کے موبائل سے تین سو کے قریب کالز پر رابطہ کیا گیا ہے مدعی نے پولیس کو بتایا کہ علی رضا نے ہی اس کے بیوی بچوں کو بھلا پھسلا کر اغواء کیا ہے علی رضا کے ساتھ چند نامعلوم افراد بھی ہیں اس واردات میں ملوث ہیں مدعی کی درخواست کے بعد علی رضا کے موبائل کی تلاش کی گئی تو پتہ چلا کہ وہ اس وقت کراچی میں ہے پولیس نے پہلے تو جانے سے انکار کردیا تاہم بعد ازاں مدعی سے کراچی کیلئے ہوائی جہاز کے ٹکٹ حاصل کرنے پر پولیس مغویوں کی تلاش میں جانے کیلئے تیار ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :