وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ترکی کے شہرقیصری کے مےئر آفس میں ترک صدر سے ملاقات

مشکل ہویا آسانی،ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں:ترک صدر رجب طیب اردوگان وزیراعلیٰ پنجاب کی ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم سے بھی ملاقات وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کئی عالمی رہنماوٴں سے ون ٹو ون ملاقاتیں

پیر 5 دسمبر 2016 10:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ترکی کے شہرقیصری کے مےئر آفس میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان سے ملاقات کی۔ترک صدر رجب طیب اردوگان نے بے پناہ مصروفیات کوپس پشت ڈال کروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کیلئے وقت نکالا۔ترک صدر نے مےئر آفس میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کا والہانہ انداز میں استقبال کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے بھائی سے مل کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے ۔مشکل ہویا آسانی،ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ترک صدر نے پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف اورعوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں ناکام بغاوت کے دوران پاکستان کے وزیراعظم اورپارلیمنٹ نے جس طرح فوری یکجہتی کااظہار کیا اس پرہم شکرگزارہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آنیوالا وقت پاک ترک دوستی کے عروج کاوقت ہوگا۔پاکستان اورترکی نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ملک آئندہ بھی تمام اہم معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان میں جو محبت ملی،میں اسے کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔وزیراعلیٰ نے ترک صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اورپاکستان کے مابین تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اورآپ کی ولولہ انگیز قیادت میں ترکی نے بے مثال ترقی کی ہے ۔

ترکی کی ترقی اقوام عالم کیلئے رول ماڈل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ناکام بغاوت کے دوران آپ نے عظیم قائد کا کردارادا کرکے اپنا نام تاریخ میں سنہری حروف میں رقم کیا ہے ۔آپ نے ترک عوام کی بے مثال خدمت اورانہیں شاندار خدمات فراہم کی ہیں اوریہی وجہ ہے کہ ترک عوام آپ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم سے بھی ملاقات کی۔

ترک وزیراعظم نے مختلف سطحوں پر پاکستان کی جانب سے ترکی کے ساتھ کیے جانے والے تعاون پرشکریہ ادا کیا۔ترک وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مختلف سطحوں پر تعاون پر مشکورہیں اوردونوں ملک خوشی اورغم میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اورترکی اہم عالمی امورپر یکساں موقف رکھتے ہیں۔

دونوں ملکوں کے مابین رشتہ پہلے سے کئی زیادہ مضبوط ہوچکا ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر جہانگیرخانزادہ ،ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ کے علاوہ اعلی حکام بھی موجود تھے ۔ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ترکی کے شہر قیصری میں آج عبداللہ گل میوزیم اورلائبریری کی افتتاحی تقریب سے پہلے اوربعد میں کئی عالمی رہنماوٴں سے ون ٹو ون ملاقاتیں ہوئیں۔

ان عالمی رہنماوٴں میں بوسنیا کے صدر باقر عزت بیگووچ (Mr.Bakir Izetbegovic)، سابق افغان صدر حامد کرزئی،ترکی کے سابق صدراوروزراء شامل تھے ۔ بوسنیا کے صدر نے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ شہبازشریف سے بڑی گرمجوشی کامظاہرہ کیااوراپنے وفد کو بتایا کہ یہ شہبازشریف ہیں، پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف کے بھائی اورپاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے چیف ایگزیکٹو۔ بوسنیا کے صدرعزت بیگووچ نے وزیراعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف بوسنیا کا دورہ کررہے ہیں ۔آپ بھی ان کیسا تھ ضرور بوسنیاآئیں۔ہمیں آپ کی میزبانی کر کے خوشی ہوگی۔