تربیلا غازی،باپ نے اپنے 12سالہ بچے کو گولی مارکر ہلاک کر دیا، پولیس نے گرفتار کرلیا

اتوار 4 دسمبر 2016 01:15

تربیلا غازی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2016ء ) کام سے چھٹی کرنے پر باپ نے اپنے 12سالہ بچے کو گولی مارکر ہلاک کر دیا ، پولیس نے باپ کو گرفتار کر لیا۔ زرائع کے مطابق غازی سے ملحقہ گاؤں خالو کے محمد سردار عرف دارا کا 12سالہ بیٹا ناصر سردار گذشتہ 6سال سے غازی میں ارشاد عرف شادا نامی موٹر مکینک کے پاس کام کرتا تھا، ہفتہ کی صبح باپ نے اپنے بیٹے کو جگایا اور کام پر جانے کے لئے کہا جس پر 12سالہ بیٹے نے باپ سے کہا کہ آج اس کا کام پر جانے کو دل نہیں کر رہا اور آج وہ چھُٹی کرنا چاہتا ہے جبکہ باپ اسے کام پر بھیجنے پر بضد تھا اور بیٹا چھُٹی کرنے پر بضد تھا جس پر طیش میں آکر باپ نے گھر میں موجود 30بور پستول بیٹے کے سر پر رکھ کر اسے کام پر جانے کے لئے مجبور کیا لیکن بیٹا پھر بھی نہ مانا تو طیش میں آکر اس نے اپنے کمسن بیٹے پر فائرنگ کر دی اور گولی اس کے سر سے گذرتی ہوئی دوسری جانب سے نکل گئی جس سے کمسن ناصر موقعہ پر ہی دم توڑ گیا ۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ غازی نے مقتول کے بڑے بھائی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر کے مقتول کے باپ کو حراست میں لے لیا اور مقتول کی لاش تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کے لئے ورثاء کے حوالے کر دی۔ کمسن بچے کے والد کے ہاتھوں بلا وجہ قتل کی اطلاع ملتے ہی علاقہ بھر کی فضاء سوگوار ہو گئی اور ہر شخص مقتول کے باپ کو ظالم اور سفاک قرار دے کر اُسے برا بھلا کہہ رہا ہے۔

ادھر مقتول کے خاندانی زرائع کے مطابق والد نے جان بوجھ کر قتل کی نیت سے گولی نہیں چلائی بلکہ وہ اُسے محض ڈرانا دھمکا نا چاہتا تھا تا کہ وہ کام پر جائے اور اس کے علم میں نہیں تھا کہ پستول میں جو کہ چند روز قبل مقتول کے بھائی نے خریدا تھا میں گولی بھی موجود ہے جو غلطی سے چل گئی جس نے کمسن ناصر کی جان لے لی۔