پورا پاکستان میرا گھر،کراچی میرا بیڈ روم ہے، مصطفی کمال

پنجاب میں تنظیمی کام اور پنجاب کے لوگوں کی محبتوں کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں جمہوریت صرف قومی اسمبلی،چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ایوانوں میں نہیں بلکہ پاکستان کے ہر گلی کے ہر دروازے پر ہونی چاہیے، لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 4 دسمبر 2016 01:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2016ء ) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پورا پاکستان میرا گھر اورکراچی میرا بیڈ روم ہے میں پنجاب میں تنظیمی کام سے آیا ہوں پنجاب کے لوگوں کی محبتوں کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں جمہوریت صرف قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ایوانوں میں نہیں بلکہ پاکستان کے ہر گلی کے ہر دروازے پر ہونی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پہنچنے پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا ایمان ہے کہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں کسی بھی پاکسستانی کو مشکل ہوتو ہمارا دل اس کے لئے دھڑکتا ہے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ملک بھر کے بلدیاتی اداروں کو فعال ہونا چاہیے بلدیاتی اداروں کی سطح کے تمام کام وزراء اعلیٰ کررہے ہیں جمہوریت صرف اسلام آباد کے ایوانوں اورصوبائی ایوانوں میں نہیں بلکہ ہر گلی کے ہر گھر کے دروازے پر ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

جمہوریت بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کو اختیارات دے کر ہی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگ ہماری حوصلہ افزائئی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھولا ایم کیو ایم کا سیکٹرانچارج دیا ابھی وہ ملزم ہے اس کا پی ایس پی سے کبھی بھی تعلق نہیں رہا انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے ہر دروازے پر جائیں گے ووٹ مانگنے نہیں بلکہ انہیں دعوت دوں گا کہ آؤ ہم ایک دوسرے کی بات سنیں انہوں نے کہا کہ اختلاف رکھیں لیکن اختلاف کو ذاتی دشمنی نہ بنائیں ہم ایم کیو ایم نہیں ہمارے پاس پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے لوگ آتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت بھی آمریت جیسی ہے اور اصلی جمہوریت نہ اصلی آمریت ہے انہوں نے کہا کہ اگر وہ کراچی کے میئر ہوتے تو کچرا پھیلنے ہی نہ دیتے۔