سپریم کورٹ میں ثبوت جمع کرا دیئے، پانامہ کیس میں نوازشریف کو کلین چٹ ملنے کا کوئی امکان نہیں ،جہانگیرترین

حکومت گرانے کے پیچھے نہیں کرپٹ نظام کے خلاف ہیں،تحریک انصاف کا نعرہ آج بھی گو نواز گو ہے،شہبازشریف کی نااہلی کیلئے بھی درخواست جمع کرائینگے،میڈیا سے گفتگو

اتوار 4 دسمبر 2016 01:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2016ء)تحریک انصاف کے رہنماجہانگیرترین نے کہا ہے کہ پانامہ کیس سے متعلق ثبوت سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے ، اب نوازشریف کو کلین چٹ ملنے کا دور تک کوئی امکان نہیں، ہم حکومت گرانے کے پیچھے نہیں بلکہ کرپٹ نظام کے خلاف ہیں جب تک ادارے مضبوط نہیں ہو ں گے،تحریک انصاف کا نعرہ آج بھی گو نواز گو ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی نااہلی کیلئے بھی ہائیکورٹ میں درخواست جمع کرائیں گے،شہباز شریف کے خلاف بہت ٹھوس ثبوت موجود ہیں جو عدالت میں پیش کریں گے ،اس کیس میں تحریک انصاف کی جانب سے بابر اعوان عدالت میں پیش ہو کر موقف دیں گے ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی پوری فیملی جھوٹی اور کرپٹ ہے انہوں نے تاحال پانامہ کیس میں اپنی جائیداد سے متعلق کوئی بھی دستاویز سپریم کورٹ میں جمع نہیں کرائی، نوازشریف جب سے پاور میں آئے ہیں انہوں نے ملک کو لوٹا ہے شریف خاندان والے چوری کا مال سب اکھٹے کھاتے ہیں اور پھر جھوٹ بول کر چھپانے کی کوشش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جہانگیر ترین نے کہا کہ 2001ء میں نوازشریف کے بچوں نے کاروبار شروع کیا یہ کرایہ دار نہیں بلکہ فلیٹس کے مالک ہیں کوئی کرایہ دار پراپرٹی گروی نہیں رکھ سکتا اور ہم عدالت میں ثات کریں گے کہ قوم کا پیسہ لوٹ کر کاروبار اور جائیدادیں بنائی گئی ،تحریک انصاف نے ثبوت عدالت میں جمع کرادیے ہیں کہ انکے پاس پیسہ کرپشن کا ہے جس پر بحث کریں گے اور ثابت کریں گے کہ نواز شریف کے پاس کرپشن کا پیسہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم حکومت گرانے کے پیچھے نہیں بلکہ کرپٹ نظام کے خلاف ہیں جب تک ادارے مضبوط نہیں ہو ں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا ، شہبازشریف نے چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کر نے کا دعویٰ کیا تھا لیکن عوام کو بنیادی حقوق دینے میں ناکام ہو گئے ہیں اور ہم ان کی نااہلی کیلئے اگلے ہفتے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کریں گے اور تین ٹھوس ثبوت بھی دینگے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ یوم تاسیس منانے سے پنجاب میں پیپلزپارٹی واپس نہیں آسکتی ، پیپلز پارٹی پنجاب سے غائب ہو چکی ہے اور اب اس کے واپس آنے کا کوئی چانس نہیں ۔اگلے الیکشن میں تحریک انصاف اور نواز لیگ کا پنجاب میں مقابلہ ہو گا ۔نوازشریف نے کہا کہ 2005میں جدہ کی فیکٹری بیچ کر بچوں کو کاروبار کرایا تاہم حدیبیہ مل میں حسن اور مریم نواز کرایہ دار نہیں تھے بلکہ پراپرٹی انکی اپنی تھی ۔

پاناماکیس میں بابراعوان کی مشاورت حاصل ہے کیس کولیڈ نعیم بخاری کرینگے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ وہی شہبازشریف ہیں جو کہتے تھے زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹیں گے اوردعوے کرتے تھے کہ 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی مگر ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ نواز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیلی فونک گفتگو کو لیک کر کے حکومت نے پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق بنوایا ۔