ایران نے مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کی پیشکش کردی

اگر پاکستان اور بھارت چاہیں تو مسئلہ کشمیر پر مصالحت کیلئے تیار ہیں ، پاکستان اور بھارت کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں ،امیدہے کہ ہم اپنے عزیز دوست ممالک بھارت اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات کے ساتھ آگے بڑھیں گے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے امرتسر پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو

اتوار 4 دسمبر 2016 01:25

امرتسر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4دسمبر۔2016ء)ایران نے مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت چاہیں تو مسئلہ کشمیر پر مصالحت کیلئے تیار ہیں ، پاکستان اور بھارت کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں ،امیدہے کہ ہم اپنے عزیز دوست ممالک بھارت اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات کے ساتھ آگے بڑھیں گے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے امرتسر پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ایرانی وزیر خار جہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایران مسئلہ کشمیر میں ثالثی کے لئے تیار ہے اگر پاکستان اور بھارت چاہیں تو ہم مسئلہ کشمیر پر مصالحت کے لئے تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں تاہم ان تعلقات کو کھونا نہیں چاہتے، ہمارے بھارت اور پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اہم ہیں ، ہم دونوں ملکوں کے لئے پر امید ہیں اگر ایران کوئی مدد کر سکتا ہے تو ہم اس کے لئے تیار ہیں ، ہم یہ رضاکارانہ طور پر نہیں کر رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک مستقبل کے بین الاقومی جمہوری نظام کے حوالے سے مشترکہ نظریہ رکھتے ہیں۔امیدہے کہ ہم اپنے عزیز دوست بھارت اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات کے ساتھ آگے بڑھیں گے ۔