کراچی،شنگھائی الیکٹرک پاور کمپنی جنوری 2017کے اختتام تک کے الیکٹرک کا انتظام سنبھال لے گی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 11:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2016ء)شنگھائی الیکٹرک پاور کمپنی جنوری 2017کے اختتام تک کے الیکٹرک کا انتظام سنبھال لے گی۔ اس ضمن میں وزارت پانی و بجلی کے اعلی افسر نے بتایا کہ چینی کمپنی چھ سے 7سال میں ترسیل، تقسیم اور بجلی کی پیداوار میں 10ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گی، اس حوالے سے اگلے ہفتے شنگھائی الیکٹرک وزارت پانی و بجلی کے اعلیٰ حکام کو تفصیلی پریزنٹیشن دے گی۔

واضح رہے کہ شنگھائی الیکٹرک اور ابراج گروپ میں معاہدہ ہوا ہے جس کی حتمی منظوری نیپرا دے گا۔ معاہدے کے تحت شنگھائی الیکٹرک 1.77 ارب ڈالر میں کے الیکٹرک کا 66.4 فیصد حصہ خریدے گی۔ وزارت پانی و بجلی کے افسر نے بتایا کہ انتظام سنبھالتے ہی چینی کمپنی ترسیل و تقسیم کے نیٹ ورک میں 7 سال کے دوران 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری شروع کرے گی، جس کے علاوہ بجلی کی پیداوار کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس وقت شنگھائی الیکٹرک کی شیڈو انتظامیہ غیر رسمی طور پر کے الیکٹرک کا انتظام سنبھال چکی ہے اور معاملات کو سمجھ رہی ہے۔ یاد رہے کہ ابراج گروپ نے 2009میں کے ای ایس سی کو 36کروڑ 10لاکھ ڈالر میں خریدا تھا اور اس کے 71 فیصد حصص حاصل کیے تھے۔چند سال قبل موسم گرما میں کراچی میں طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کے الیکٹرک کو ہیٹ اسٹروک سے مرنے والے 1200 افراد کی ہلاکت کا مورد الزام ٹہرایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کے الیکٹرک کو مختلف عدالتوں میں متعدد مقدمات کا سامنا بھی ہے جن میں زائد بلنگ اور غیر معقول ٹیرف کے کیسز نمایاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :