اسرائیل میں 2 نجی ٹی وی چینلز کی نشریات ہیک ، اذان نشر کردی گئی

ٹی وی کی اسکرین پر مسجد اقصیٰ سمیت مقدس اسلامی مقامات کی تصاویر بھی نشر کی جاتی رہیں

جمعہ 2 دسمبر 2016 10:26

یروشلم ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2016ء ) اسرائیل میں 2 نجی ٹی وی چینلز کی نشریات کو ہیک کرکے اذان نشرکردی گئی۔اس دوران ٹی وی کی اسکرین پر مسجد اقصیٰ سمیت مقدس اسلامی مقامات کی تصاویر بھی نشر کی جاتی رہیں۔یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ٹی وی چینل 2 اور چینل 10 کی نشریات کو 30 سیکنڈز کے لیے ہیک کرلیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق اس دوران ایک پیغام بھی دکھایا گیا، جس میں کہا گیا کہ اسرائیل میں لگنے والی حالیہ آگ قدرت کا عذاب تھا۔

مزید کہا گیا کہ ہیکرز کا تعلق مبینہ طور پر سعودی عرب سے تھا، جنھوں نے 'موذن بل' کی وجہ سے چینلز کی نشریات کو ہیک کیا۔چینل کا مزید کہنا تھا، 'شمالی اسرائیل میں رہنے والے صارفین نے رپورٹ کیا کہ شام کو نشریات کے دوران کسی نے چینل کا کنٹرول سنبھال لیا اور اذان کی آواز سنائی دی جانے لگی'۔

(جاری ہے)

چینل کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ جن ہیکرز نے سیٹلائٹ کا کنٹرول سنبھالا، ان کا تعلق عرب کمیونٹی سے تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ میں قانون سازی کے ذریعے لاوٴڈ اسپیکر پر اذان نشر کرنے پر پابندی عائد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔دوسری جانب اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کا بھی کہنا تھا کہ وہ مساجد میں اذان کی تعداد میں کمی کے بل کی حمایت کریں گے۔ان کا کہنا تھا، 'میں تعداد شمار نہیں کرسکتا، مجھے اسرائیلی معاشرے کے تمام مذاہب کے شہریوں کی جانب سے لاوٴڈ اسپیکرز کے شور کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں۔'

متعلقہ عنوان :