پاکستان 12 سال طویل انتظارکے بعد ڈیوس کپ ٹینس کی میزبانی کیلئے تیار

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے اگلے سال فروری میں اسلام آباد میں ایران کے خلاف ڈیوس کپ کی میزبانی کی اجازت دیدی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں جس کے باعث ملک میں ٹینس کی مدد ملے گی ، خالد رحمانی پاکستان نے حال ہی میں اسلام آباد میں اسکواش کے تین بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی کی ہے، سیکرٹری

جمعرات 1 دسمبر 2016 10:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1دسمبر۔2016ء )پاکستان کو 12 سال کے طویل عرصے بعد ڈیوس کپ ٹینس کی میزبانی کے مثبت اشارے مل گئے ہیں۔پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے سیکرٹری خالد رحمانی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے اگلے سال فروری میں اسلام آباد میں ایران کے خلاف ڈیوس کپ کی میزبانی کی اجازت دی ہے۔پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے بہت کم غیرملکی ٹیموں نے یہاں کا رخ کیا۔

خالد رحمانی کا کہنا تھا کہ 'ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں جس کے باعث ملک میں ٹینس کی مدد ہوگی'۔واضح رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے تاہم 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا جو دیگر ٹیموں کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا۔

(جاری ہے)

ملک میں سیکیورٹی مسائل کے باعث پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز اور میچ ملک سے باہر غیرجانب دار مقام پر کھیلنا پڑے جہاں کرکٹ کی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات اور ٹینس کے مقابلے حریف ٹیموں کے کورٹ میں ہی منعقد ہوئے۔پاکستان نے آخری دفعہ 2004 میں نیوزی لینڈ کے خلاف اسلام آباد میں ڈیوس کپ کی میزبانی کی تھی جبکہ رواں سال ستمبر میں گروپ ون کے مقابلے کرائسٹ چرچ میں ہوئے تھے جہاں پاکستان کو 0-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پی ٹی ایف کے سیکرٹری پرامید ہیں کہ اب سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ 'سیکیورٹی بہتر ہوئی ہے' جبکہ پی ٹی ایف نے کسی بھی غیرملکی صدر کو دی جانے والے سیکیورٹی کے برابر انتظامات کئے ہیں'۔انھوں نے کہا کہ 'پاکستان نے حال ہی میں اسلام آباد میں اسکواش کے تین بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی کی ہے اور اب صورت حال سازگار ہے'۔ایران کے خلاف گروپ 2 مقابلے 3 فروری سے 5 فروری تک اسلام آباد میں ہوں گے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے سیزن کا فائنل بھی لاہور میں کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں ممکنہ طورپر کئی بین الاقوامی شہرت یافتہ کرکٹر آئیں گے۔