جنوبی اضلاع میں آئندہ سال تیل کی یومیہ پیداواربڑھانے کے لئے منصوبہ بندی مکمل

رواں سال 47ہزاربیرل تیل کے مقابلے میں آئندہ سال 60ہزاربیرل یومیہ پیداوارحاصل کی جائے گی،کے پی او جی سی ایل کا14واں بورڈ آف ڈائریکٹرزاجلاس

بدھ 30 نومبر 2016 11:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30نومبر۔2016ء)خیبرپختونخواحکومت نے صوبے کے جنوبی اضلاع میں پائے جانے والے تیل وگیس کے قدرتی ذخائرکومزید بڑھانے کے لئے منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔رواں سال47 ہزاربیرل یومیہ تیل کی پیداواربڑھا کرآئندہ سال 60ہزاربیرل یومیہ پیداوارحاصل کی جائے گی ۔صوبے کے قیمتی خزانے میں نجی سرمایہ کاری کے لئے سرمایہ کاردوست پالیسی وضع کی گئی ہے اور اس مقصد کے لئے ون ونڈوآپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کے لئے کئی مراعات رکھی گئی ہیں۔

تیل وگیس پیداکرنے والی کمپنیاں سکیورٹی انتظامات کے لئے حکومتی قوانین کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان کا ازسرنوجائزہ لیں۔ ان خیالات کا اظہارخیبرپختونخواآئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ(کے پی او جی سی ایل) کے 14ویں بورڈ آف ڈائریکٹرزکے اجلاس میں کیا گیا اجلاس زیرصدارت چیئرمین بورڈامین موکاتے منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات انجینئرنعیم خان،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عطاء الرحمان،ایڈیشنل کمشنرکوہاٹ نعیم خان ،چیف ایگزیکٹوکے پی او جی سی ایل انجینئررضی الدین رضی، شمائل بٹ ایڈوکیٹ،خورشید انور نے شرکت کی۔

کے پی اوجی سی ایل بورڈ نے کمپنی کے سالانہ اکاؤنٹس کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی اور ان میں حاصل ہونے والی آمدن کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کے جنوبی اضلاع کوہاٹ،ہنگو اورکرک میں پائے جانے والے تیل وگیس کے قدرتی ذخائرکو بڑھانے کے لئے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے اور اس سلسلے میں رواں سال کے مقابلے میں آئندہ سال تیل کی یومیہ پیداوار60ہزاربیرل کردی جائے گی۔

اجلاس میں بتایاگیا کہ تیل کے ذخائرسے صوبے کو سالانہ 25ارب روپے کی آمدن ہورہی ہے اور اس سے ہزاروں افراد کو روزگارکے مواقع میسر آئے ہیں ۔ اجلاس میں کے پی اوجی سی ایل کو مزید مستحکم ادارہ بنانے کے لئے مختلف تجاویزدی گئیں۔ اجلاس میں تیل وگیس پیداکرنے والی کمپنیوں پر زوردیا گیا کہ وہ اپنے سکیورٹی نظام کی مزید بہتری کے لئے ان کا ازسرنوجائزہ لیں۔

متعلقہ عنوان :