صوبائی حکومت نے پاکستان کی پہلی یوتھ پالیسی وضع کرکے تحریک انصاف کا نوجوانوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دکھایا،پرویزخٹک

ہماری یوتھ پالیسی نوجوانوں کے لئے رہنمااصولوں پر مشتمل ہے، پالیسی میں یوتھ کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے نوجوان خود اپنے لئے فیصلے کرنے میں بااختیار ہونگے،وزیر اعلی خیبر پی کے

منگل 29 نومبر 2016 11:35

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2016ء )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پاکستان کی پہلی یوتھ پالیسی وضع کرکے تحریک انصاف کا نوجوانوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دکھایا۔ نوجوان قومی ترقی اور نظام کی تبدیلی میں ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں مگر ماضی میں نوجوانوں کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔ ہمارے نوجوان ہماری سوچ سے بھی زیادہ با صلاحیت ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنا مستقبل خود پلان کریں۔

ہماری یوتھ پالیسی نوجوانوں کے لئے رہنمااصولوں پر مشتمل ہے۔ پالیسی میں یوتھ کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جس سے نوجوان خود اپنے لئے فیصلے کرنے میں بااختیار ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں خیبر پختونخوا کی یوتھ پالیسی کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل،ثقافت اور امور نوجوانان محمود خان، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، ایم پی اے شوکت یوسفزئی، سیکر ٹری کھیل و ثقافت محمد طارق خان، برگد، یو این ایف پی اے اور ایچ بی ایس کے اعلیٰ حکام اور طلباء و طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کے پاس نوجوانوں کی ترقی کیلئے پروگرام موجود تھا مگرہم چاہتے تھے کہ نوجوان اپنی فلاح اور ترقی خود پلان کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوئی ۔ نوجوانوں کی فلاح و ترقی کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔ تاریخ بتاتی ہے کہ نوجوانوں نے قوموں کی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

دُنیا میں جتنے بھی انقلاب آئے نوجوان ان کا ہراول دستہ رہے۔ چین کا انقلاب ہو یا ایران کا۔ امریکہ کا انقلاب ہو یا روس ، روم اور فرانس کا ، نوجوان ہر انقلابی تحریک کا متحرک کردار رہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے نوجوان قوم کی تقدیر بدلنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ مگر بدقسمتی سے ان نوجوانوں کو باکردار قیادت نہ ملی۔ نوجوان بدعنوان اور ظالم نظام سے مایوس ہو چکے تھے۔

اور اس نظام کی تبدیلی چاہتے تھے۔تبدیلی کے منتظر نوجوانوں نے عمران خان کا ساتھ دیا اور تبدیلی کا یہ سفر شروع ہوا۔ نوجوانوں نے اپنے عزم اور حوصلے کے ذریعے ناممکن کو ممکن بنا دیا اور پاکستان تحریک انصاف اپنا تبدیلی کا ایجنڈا لیکر اپنے اتحادیوں کے ساتھ صوبے میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی اتحادی حکومت صوبے میں نوجوانوں کی تعلیمی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے تاریخی اقدامات کررہی ہے۔

مقامی حکومتوں میں نوجوانوں کی نمائندگی یقینی بنائی گئی۔ شفاف نظام کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔ صوبائی حکومت کی طرف سے خودکفالت سکیم متعارف کرائی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لئے اعلیٰ تربیت یافتہ اساتذہ کا انتظام کیا گیا ۔ پاکستان کی پہلی ٹیکنکل یونیورسٹی اور فنی تعلیم کا معیار بہتر بنانے کیلئےTEVTAکا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو نوجوانوں کی سرگرمیوں اور بہبود کے لئے کوئی فنڈز سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مختص نہیں تھے ۔ پہلی بار 2014-15 میں یوتھ افیئر ز کے لئے اے ڈی پی میں 2کروڑروپے رکھے گئے جبکہ 2015-16 میں اس رقم کو بڑھا کر 5کروڑ روپے کر دیا گیا ۔ رواں سال"جوان مرکز" کے قیام کے لئے ایک ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

نوجوانوں کے لئے ایک علیحدہ یوتھ افیئر ڈائریکٹریٹ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ صوبائی حکومت نے نوجوانوں کے لئے انٹر پرونشل یوتھ ایکسچینج پروگرام، یوتھ ایڈونچر ٹرپس اور سافٹ سکل اور میگا چیلنج جیسے پروگرام متعارف کرائے ہیں ۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومت صوبے کی 76 تحصیلوں میں4 ارب روپے کی لاگت سے کھیلوں کے گراؤنڈ بنارہی ہے جن میں سے 50مکمل ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف سکولوں میں 30گراونڈز مزید بنائے جا رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ 2018تک نوجوانوں کو 100کھیلوں کے میدان دیں گے۔صوبائی حکومت صر ف میدان ہی نہیں بنا رہی بلکہ اس نے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے جامع پروگرام بھی دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کو یقین دلا یا کہ حکومت ان کی ترقی کیلئے وسائل کی قلت نہیں ہونے دے گی۔

آپ نے اپنے قائد سے مل کر اس قوم کی تقدیر بدلنی ہے۔ سٹیٹس کو ،کو جڑ سے اُکھاڑپھینکنا ہے۔ ہماری توقعات نوجوانوں سے وابستہ ہیں۔ اپنے جنون کے ذریعے جس طرح نئے پاکستان کیلئے بنیادیں رکھ دی ہیں اب اُسی جوش و جذبے کے ساتھ اس پر عمارت کھڑی کرنی ہے۔جرات، ہمت اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے جائیں یہ جنون ہمیں دُنیا کے ترقیافتہ ممالک کی صف لاکھڑا کر سکتا ہے۔نوجوانوں کا جنون سلامت رہے یہ قوم سلامت رہے گی۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے بٹن دبا کر پالیسی کا با ضابطہ افتتاح کیا۔