لاہور ہائیکورٹ ، جھنگ سے پی پی 78 میں ضمنی انتخابات میں اہل سنت والجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی کو انتخاب لڑنے کی اجازت

منگل 29 نومبر 2016 11:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بن نے جھنگ سے پی پی 78 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں اہل سنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کو انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے مولانا احمد لدھیانوی کی اپیل پر سماعت کی جس میں ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے جانب سے مولانا احمد لدھیانوی کو نااہل قرار دینے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

سماعت کے دوران مولانا احمد لدھیانوی کے وکیل چودھری امیر حسین نے بتایا کہ ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے حقائق کو مد نظر رکھے بغیر مولانا احمد لدھیانوی کو انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔ وکیل نے بتایا کہ مولانا احمد لوھیانوی نے اپنے اثاثہ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیا۔

(جاری ہے)

وکیل بتایا کہ مولانا احمد لدھیانوی کے خلاف نہ کوئی مقدمات کسی عدالت میں زیر سماعت ہے اور نہ انہیں کسی مقدمہ میں سزا سنائی گئی ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کی جانب سے مولانا احمد لدھیانوی کو ضمنی انتخاب لڑنے سے روکنے کا فیصلے کالعدم قرار دیا جائے اور انہیں ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے مولانا احمد لدھیانوی کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں جھنگ 78 کے ضمنی انتخابات میں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔