بد عنوان عناصر سے 279 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے،قمر زمان چوہدری

عالمی اداروں نے بھی بد عنوانی کی روک تھام کے حوالے سے نیب کے اقدامات کااعتراف کیا ہے، ملازمین کی استعداد کار میں اضافے کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، چیئرمین نیب کا جائزہ اجلاس سے خطاب

منگل 29 نومبر 2016 11:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہاہے کہ ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، نیب اپنے ملازمین کے استعداد کار میں اضافے کو انتہائی اہمیت دیتاہے تاکہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنیکل مہارتوں سے استفادہ کرسکیں،نیب نے اپنے ملازمین کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ملکی اور غیر ملکی اداروں کی معاونت سے 400 ریفریشر اور کپیسٹی بلڈنگ ٹریننگ کورسز کروائے ہیں جبکہ انسانی وسائل کی ترقی او بہتر کیریئر پلاننگ کیلئے ہیومن ریسورس منیجنمنٹ انفارمیشن سسٹم بھی متعارف کروایا گیاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نیب نے مقدمات کو بروقت نمٹانے کیلئے شکایات کی جانچ پڑتال کیلئے دو ماہ انکوائری اور انویسٹیگیشن کیلئے 4،4 ماہ کی مدت مقرر کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے ملازمین کی کارکردگی میں بہتری کیلئے کام کرنے کا معیاری طریقہ کار ،کارکردگی کے جائزہ کیلئے معیاری مقداری نظام ملتان ، سکھر اور گلگت بلتستان میں نیب کے علاقائی بیوروز کاقیام ، فرانزک سائنس لیبارٹری کا قیام ،اندرونی احتسابی نظام اور نگرانی اور جائزہ کا نظام وضع کئے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہاکہ سی ڈی اے ، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ،وزارت زراعت و قومی تحفظ و خوراک، وزارت قومی ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن، ایف بی آر، پی آئی ڈی اور صوبائی محکمہ تعلیم ، صحت اور ریونیو میں کمیٹیاں قائم کی ہیں جس کا مقصد صوبائی اور وفاقی محکموں میں شفافیت، میرٹ اور متعلقہ قواعدوضوابط خامیوں میں نشاندہی کرکے ان میں بہتری لانے ، وزارت مذہبی امور و بین الامذاہب ہم آہنگی میں پریوینشن کمیٹی نے نمایاں کام کیا ہے جس کی وجہ سے حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے میں مدد ملی ہے۔

حاجیوں نے گزشتہ سال وزارت مذہبی امور کے حج انتظامات کو سراہا ہے ۔ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک لوٹے گئے 279 ارب روپے بد عنوان عناصر سے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ انتظامیہ نے نیب میں اصلاحات کے نئے دور کا آغاز کیاہے جس سے نیب کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ نیب میں 104انویسٹیگیشن افسران کو میرٹ پر بھرتی کیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی اداروں نے بھی بد عنوانی کی روک تھام کے حوالے سے نیب کے اقدامات کااعتراف کیاہے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :