غیر قانونی درآمد کی گئیں146گاڑیوں کو چھڑوانے کیلئے چیئرمین قائمہ کمیٹی تجارت وزارت اور کسٹمز حکام کی منت سماجت کرنے پر اترآئے

وفاقی وزیر تجارت نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد گاڑیوں چھڑوانے کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرادی

جمعہ 25 نومبر 2016 11:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2016ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے چیئرمین غیر قانونی طور پر درآمد کی گئیں146گاڑیوں کو چھڑوانے کیلئے وزارت تجارت اور کسٹمز حکام کی منت سماجت کرنے پر اترآئے جو طریقہ بھی اختیار کرنا ہو گاڑیاں چھڑوائی جائیں جس پروفاقی وزیر تجارت نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد گاڑیوں چھڑوانے کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس سراج محمد خان کی زیر صدارت جمعرات کو پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔اجلاس کو کسٹمز حکام نے بتایا کہ قانونی تقاضے پورے کئے بغیر درآمد کی گئیں 146 گاڑیاں روکی گئی ہیں جس پر چیئرمین کمیٹی وزارت تجارت اور کسٹمز حکام کی منت سماجت کرنے لگے اور کہا کہ جو بھی طریقہ اختیار کرنا ہو گاڑیاں چھڑوائی جائیں، پہلے بھی اس بارے میں وزارت تجارت سے بات کرچکا ہوں مگر کوئی مثبت جواب نہیں آیا اس لئے جو بھی طریقہ اختیار کرنا ہومعاملہ حل کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کمیٹی کو یقینی دہانی کرائی کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد گاڑیوں کوچھڑوانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔وزارت تجارت نے مکمل تیاری نہ ہونے کے باعث مرین انشورنس بل 2016 کی منظوری آئندہ اجلاس تک موخر کرنے کی استداکرتے ہوئے مہلت مانگ لی۔دریں اثناکمیٹی اجلاس شروع ہونے سے قبل وفاقی سیکریٹری تجارت عظمت علی رانجھا نے کہ بھارت کیساتھ واہگہ کے ذریعے تجارتی سرگرمیاں معطل نہیں ہوئیں ،بھارت کیساتھ تجارت معمول کے مطابق جاری ہے ،واہگہ کے ذریعے جتنی تجارت پہلے ہورہی تھی اب بھی ہو رہی ہے

متعلقہ عنوان :