صوبائی حکومت کا پولیو کوواجب الاطلاع بیماری(Notifiable Disease) قرار دینے کا فیصلہ

صوبے سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے،شہرام تراکئی

جمعہ 25 نومبر 2016 12:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2016ء)محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے پولیو کوواجب الاطلاع بیماری Notifiable Disease قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ صوبے سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے میں مدد مل سکے۔ یہ بات جمعرات کے روز پشاور میں عالمی ادارہ صحت کے پولیو کے بارے میں ٹیکنیکل ایڈوائزر ی گروپ کے ا یک وفد کی سینئر وزیر صحت سے ملاقات کے دوران بتائی گئی جس نے گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر جین مارک اولائیو کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور صوبے میں پولیو وائرس کے خاتمے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

سیکرٹری صحت کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا پولیو کوواجب الاطلاع بیماریNotifiable Disease قرار دینے والا پہلا صوبہ ہوگا۔

(جاری ہے)

پولیو کوواجب الاطلاع بیماری Notifiable Disease قرار دینے سے تمام نجی اور سرکاری طبی ادارے، طبی عملہ اور دیگر متعلقہ لوگ صوبے میں کسی بھی جگہ پولیو وائرس کی موجودگی کی صورت میں اس کے بارے میں محکمہ صحت کے حکام کو بروقت آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وفد کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے صوبے سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے نہ صرف آگاہ ہے بلکہ ا س سلسلے میں سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھا رہی ہے جن کی بدولت صوبے میں پولیو کے کیسزمیں نمایاں حد تک کمی واقع ہوئی ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہم صوبے کو پولیو وائرس سے پاک کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا قبائلی علاقوں اور افغانستان سے منسلک صوبہ ہے اور ان علاقوں سے صوبے میں لوگوں کی آمدورفت ہر وقت جاری رہتی ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات یہاں پرپولیو کے کیسز سامنے آتے رہتے ہیں جن پر قابو پانے کے لئے صوبائی حکومت قبائلی علاقوں کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے ممبران نے صوبے سے پولیو کے خاتمے کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے سلسلے میں تجاویزبھی پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :