ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کیا تو بھارت بچوں کو نصاب میں پڑھائے گا، آرمی چیف

ایل او سی پر بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ محض ڈرامہ ہے ، دہشتگردی کا ناسور ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ،فوج اور عوام کے درمیان رشتے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں ‘ ہمارا جینا مرنا ملک کیلئے ہے ‘ اپنے دور میں پاک فوج کا مورال بلند کیا جنرل راحیل شریف کا باڑہ خیبر ایجنسی کے دورہ کے موقع پر شاہد خان آفریدی سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح، تقریب سے خطاب،ریٹائرمنٹ کے بعد شہداء کے لواحقین کیلئے فائونڈیشن بنانے کا اعلان

جمعہ 25 نومبر 2016 11:53

باڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25نومبر۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کیا تو بھارت بچوں کو نصاب میں پڑھائے گا‘اس کی آنے والی نسلیں پھر اس کو یاد رکھیں گی ، ایل او سی پر بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ محض ڈرامہ ہے ، دہشتگردی کا ناسور ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے،فوج اور عوام کے درمیان رشتے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں ‘ ہمارا جینا مرنا ملک کیلئے ہے ‘ اپنے دور میں پاک فوج کا مورال بلند کیا‘ریٹائرمنٹ کے بعد شہداء کے لواحقین کیلئے فائونڈیشن بنائوں گا۔

وہ جمعرات کو یہاں باڑہ خیبر ایجنسی کے دورہ کے موقع پر شاہد خان آفریدی سپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ آرمی چیف جب خیبر ایجنسی پہنچے تو قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد نے آرمی چیف کو خوش آمدید کہا اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں،ا س دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شاہد خان آفریدی سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی سرجیکل اسٹرائیکس ڈرامہ ہے بھارت یاد رکھے کہ ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کیا تو وہ اپنے بچوں کو نصاب میں پڑھائے گا اور اس کی آنے والی نسلیں پھر یاد رکھیں گی ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام سے مل کر ہمیشہ خوشی ہوئی ہے ۔

آرمی چیف نے کہا کہ اپنے دور میں پاک فوج کا مورال بلند کیا ، ہما جینا مرنا ملک کے لئے ہے۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ عوام اور فوج کے درمیان رشتے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد شہداء کے لواحقین کیلئے ایک فائونڈیشن بنائوں گا۔ جبکہ پاکستانی کرکٹر شاید آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ جنرل راحیل شریف میرے اور پاکستان کے ہیرو ہیں ۔حمایت کرنے پر جنرل راحیل شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔