آرمی چیف نے بھارتی جارحیت کا موثر اور فوری جواب دینے کی ہدایت کردی

معصوم شہریوں پر فائرنگ ناقابل قبول اور غیر پیشہ ورانہ عمل ہے ،جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں اہم اجلاس کنٹرول لائن کی صورتحال بالخصوص بس پر بھارتی افواج کی فائرنگ پر غور

جمعرات 24 نومبر 2016 11:36

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24نومبر۔2016ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں پر فائرنگ ناقابل قبول اور غیر پیشہ ورانہ عمل ہے ،انہوں نے فوجی جوانوں کو آئندہ کسی بھی سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور اور فوری جواب دینے کی ہدایت کی ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹر ز راولپنڈی میں اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں کنٹرول لائن کی صورتحال بالخصوص بس پر بھارتی افواج کی فائرنگ پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ معصوم شہریوں پر فائرنگ ناقابل قبول اور غیر پیشہ ورانہ عمل ہے۔ انہوں نے سرحدی جارحیت کا موثر جواب دینے پر نوجوانوں کی تعریف بھی کی۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ آئندہ کسی بھی سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے۔ واضح رہے بدھ کے ر وز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے 3 پاکستانی فوجیوں کو شہید کر دیا جبکہ اس سے قبل بھارتی فوج کی جانب سے نیلم ویلی میں مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا جس میں 7 مسافر شہید جبکہ سات زخمی ہو گئے تھے۔